کراچی میں عوامی مینڈیٹ کو چرانے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت ہو گیاامیر العظیم
1سال پہلے
لاہور16جنوری 2023ء
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ کراچی میں عوامی مینڈیٹ کو چرانے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت ہو گی، کراچی کل بھی جماعت اسلامی کا تھا، آج بھی جماعت اسلامی کا ہے۔ انتخابی نتائج میں تاخیر جماعت کا راستہ روکنے کے ہتھکنڈے ہیں۔ کراچی میں جماعت اسلامی کا ہی میئر منتخب ہو گا، فتح ملک بھر کے عوام کے لیے روشنی کی امید ہے۔ تاحال موصول ہونے والے بلدیاتی نتائج پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور کراچی کے قائدین اورکارکنوں کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ استعمار کے وفاداروں نے ملک کو اندھیروں، غربت اور مہنگائی میں دھکیلا، تعصب، نفرت، جھوٹ اور کرپشن کی سیاست کا دور ختم ہونے والا ہے۔ گوادر کے بعد کراچی میں کامیابی اللہ کی مددونصرت اور کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، ان شاء اللہ کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں گے۔ وہ لاہور میں ملتان چونگی پر مہنگائی کے خلاف مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔
امیر العظیم نے کہا کہ حکمرانوں اور فیصلہ سازوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں کراچی میں عوامی فیصلہ پر ڈاکہ مت ڈالیں، کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، عوام کو مہنگائی، غربت اور جہالت کے تحفے دینے والوں کا آئندہ الیکشن میں مکمل صفایا ہوجائے گا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی سب ایکسپوز ہوگئے۔ ثابت ہوگیا کرپٹ ٹرائیکا نااہل ہے، ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں، 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتیں مہنگائی کم کرسکیں نہ معیشت بہتر ہوئی۔ قوم ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کرے۔ اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی، آنے والا دور اسلامی نظام کا ہے۔
امیر العظیم نے اس موقع پر کراچی سے اب تک موصول ہونے والے نتائج پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قیادت اور کارکنوں کو مبارکبا دی۔ تاہم انہوں نے انتخابی نتائج میں تاخیر اور دھاندلی کی اطلاعات پر تحفظات کا اظہار کیا اور حکمرانوں کو خبردار کیا کہ اگر جماعت اسلامی کا کراچی میں راستہ روکا گیا تو صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بھرپور احتجاج ہوگا۔ موصول اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کو کراچی میں نصف سے زائد یونین کونسلز پر واضح برتری حاصل ہے مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا اعلان نہیں ہورہا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک معاشی اور سیاسی بحرانوں کی زد میں ہے۔ پی ڈی ایم حکومت پی ٹی آئی کی ناکام پالیسیوں کا تسلسل ہے، دونوں نے ملک کو ہر لحاظ سے عدم استحکام سے دوچار کیا۔