دنیا میں سیکولرازم کا پردہ چاک ہو گیا، مستقبل دین فطرت کا ہے۔راشد نسیم
1سال پہلے
نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں سیکولرازم کا پردہ چاک ہو گیا، مستقبل دین فطرت کا ہے۔ ملک پر مسلط خائن، لٹیرے ایکسپوز ہو گئے، عوام ان سے تنگ آ چکے، حکمرانوں کی لوٹ مار کی داستانیں زبان زدعام ہیں، اب پاکستان اسلامی نظام کی منزل حاصل کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مردان میں اجتماع عام اور منصورہ میں اسلامک لائرز موومنٹ کی تربیتی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
راشد نسیم نے کہا کہ سارے عالم میں مثبت تبدیلی رونما ہو رہی ہے، اس کا آغاز افغانستان سے امریکا کے نکلنے پر ہوا، ترکی سفاک سیکولرازم کی لپیٹ میں تھا، مگر اب وہ ملک اس جبر سے آزاد ہو گیا ہے، فلسطینی عوام نصف صدی سے بیش بہا قربانیوں دے رہے ہیں، ان کے جذبے جوان ہیں اور منزل قریب، قطرنے ورلڈ کپ کے دوران دینی شعائر کو پروان چڑھایا اور دنیا کے سامنے بہترین مثالیں قائم کیں۔ انھوں نے کہا کہ دین فطرت کو اپنانے سے ہی انسانیت موجودہ مسائل سے نجات پا سکتی ہے۔