News Detail Banner

حکمرانوں کی حوس اقتدار کی وجہ سے آج ملک معاشی وسیاسی دلدل میں پھنسا ہوا ہےلیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور24دسمبر2022ء

نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق پارلیمانی لیڈرلیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکمرانوں کی حوس اقتدار کی وجہ سے آج ملک معاشی وسیاسی دلدل میں پھنسا ہوا ہے،مزیدنئے بحرانوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی وجمہوری قیادت قومی ڈائیلاگ اورانتخابی اصلاحات کے ساتھ عام انتخابات کی طرف پیش قدمی کی جائے،ڈائیلاگ کا راستہ بند کیا گیا تو پھرحالات بندگلی کی طرف چلے جائیں گے اورپھرکسی کے ہاتھ کچھ نہیں لگے گا۔ امیرجماعت سراج الحق کی میزبانی میں جماعت اسلامی 28 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی، دینی سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین، نمائندگان کی راؤنڈ ٹیبل ٹاکس کا اہتمام کررہی ہے تاکہ باہمی تبادلہ خیال کے ذریعے ملک کو درپیش سیاسی، اقتصادی اور انتخابی بحرانوں کا سیاسی حل تلاش کیا جاسکے۔ توقع ہے کہ بحرانوں کے حل کے لیے راؤنڈ ٹیبل ٹاکس نقطہ آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں صوبائی امیرمحمد حسین محنتی سے اہلیہ کی وفات پرتعزیت ودعائے مغفرت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ مرکزی نائب امیراسداللہ بھٹو،صوبائی نائب قیم محمد مسلم، کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشدقریشی اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی اس موقع پرموجود تھے۔

دریں اثنا ء لیاقت بلوچ مقامی ہال میں جماعت اسلامی سندھ کے رہنما وسابق امیرحیدرآباد حافظ طاہرمجیدکی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی جس میں مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی،امیرصوبہ محمد حسین محنتی،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمان،پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیرزاہدبھرگڑی سمیت کراچی وحیدرآباد سمیت سندھ سے سیاسی وسماجی رہنما شریک تھے۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھاکہ وفاق وپنجاب میں کشیدگی حوس اقتدار کا نتیجہ ہے جس میں پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اتحادی اور مسلم لیگ ق برابر کے ذمہ دار ہیں ان کو مہنگائی کے طوفان سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کی کوئی پروا نہیں ہے۔ بدقسمتی سے سیاسی قیادت کی بے حسی اورمفادپرستانہ طرزعمل کی وجہ سے اس وقت سیاست، جمہوریت بے وزن اور اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کی بالادستی کا کردار دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔