News Detail Banner

ہر حکمران عوام کے مذہبی جذبات کو مطمئن رکھنے کے لیے ”اسلامی ٹچ“ دیتے ہیں، لیاقت بلوچ

1سال پہلے

لاہور21 ستمبر2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ملتان میں جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر حفیظ انور اور جامعہ منصورہ ہالا سندھ کے بزرگ استاد حضرت مولانا آغا محمد کے انتقال پر تعزیت کی اور اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اِسلامی نظریاتی اور قرآن و سنت کے احکامات کے مطابق ریاستی معاملات چلانے کے لیے ہی مملکتِ خداداد ہے۔ ہر دور کے فوجی اور سیاسی حکمران آئین، قرآن و سنت اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے انحراف کرتے ہیں۔ ہر حکمران عوام کے مذہبی جذبات کو مطمئن رکھنے کے لیے ”اسلامی ٹچ“ دیتے ہیں، عملاً اللہ کے دین سے بغاوت کے مرتکب ہوتے ہیں۔ شعائرِ اسلامی او راسلامی اصطلاحات کو بھی سیاسی کھیل تماشا بناکر عوام کے ذہن کو پراگندہ کیا جارہاہے۔ دینی جماعتیں، اکابر علما کرام، مشائخِ عظام سیاسی انتخابی نظریات جو بھی رکھتے ہوں لیکن انہیں مذہب کی لاج رکھنی چاہیے۔ قرآن و سنت سے انحراف کے کسی بھی اقدام کے ساتھ کمپرومائز نہ کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سُود، قرضوں اور کرپشن کی لعنت کی وجہ سے آزادی، خودمختاری اور قومی وقار تار تار کردیا گیا ہے۔ بظاہر سیاسی پاپولر حکمران جماعتیں لڑائی، فساد، الزام تراشیوں کی نوراکشتی لڑرہی ہیں، عملاً ملک کو استعماری، استحصالی، عالمی اداروں کی ڈکٹیشن پرچلانے کے حوالے سے سب ایک پیج پر ہیں۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، پی پی پی کی حکومتوں نے عملاً کسی عزم، ایکشن پلان کی بجائے فرار کے راستے کی تلاش میں ہیں۔ مرد اور عورت کے مقابلہ میں تیسری جنس کی نام نہاد اصطلاح (ٹرانس جینڈر) کی آڑ میں خواجہ سراؤں کا حق مارا جارہا ہے اور معاشرہ میں مرحلہ وار تباہی و بربادی، خاندانی نظام کو توڑں ے اور انسانیت سوز و مغرب زدہ ذلتوں کو مسلط کیا جارہا ہے۔ ٹرانس جینڈر قانون صریحاً قرآن و سنت اور شعائرِ اسلام کے خلاف ہے۔ وفاق میں اتحادی حکومت اور صوبائی حکومتیں اِسے برائت کا اعلان کریں۔ خواجہ سراؤں اور فطری طور پر محروم افراد کو تمام انسانی حقوق دیے جائیں اور ان کے حوالے سے قانون سازی قرآن و سنت کے مطابق کی جائے۔ اسلامی نظریاتی کونسل، اکابر جید علماء کرام، سینئر طبی ماہرین پر مشتمل کمیشن بناکر ٹرانسجینڈر قانون ازسرِ نو بنایا جائے۔ عوام نے حکمرانوں کی چوری پکڑلی ہے، اب خیر اِسی میں ہے کہ ضِد اور فریب بازی کی بجائے غلطیوں کا ازالہ کیا جائے۔