News Detail Banner

حکومتی نااہلی عوام کے جان، مال، عزت کے لیے عذاب بن گئی ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور21جنوری2022ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے ہر واقعہ کی پشت پر امریکی اور بھارتی ماسٹر مائنڈ اور آلہ کار ہیں۔ پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، بے گناہ انسان لقمہ اجل بن رہے ہیں، قومی سلامتی پالیسی نہ جانے کہاں ہے، حکومت نااہل اور ناکام ہے، حکومتی نااہلی عوام کے جان، مال، عزت کے لیے عذاب بن گئی ہے۔ انارکلی کے شہدا کے اور ملک بھر میں دہشت گردی کے شکار شہدا، زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہر دور میں حکمران معاشی اشاریوں کی بہتری کے منتر پڑھتے اور جھوٹے دعوے کرتے رہتے ہیں،عملاً قومی معیشت مسلسل زوال پذیر ہے۔ آئی ایم ایف شرائط، قرضوں اور سود کا بوجھ، رشوت، کرپشن کی موجودگی میں معاشی اشاریوں کی بہتری کالا جھوٹ ہے۔ عوام کا خون نچوڑکر شرح نمو بہتر نہیں ہوسکتا۔ بجلی، ادویات، پٹرول، کھاد، گیس مہنگی، جان لیوا ٹیکسوں نے عوام کو بدحال کردیا ہے۔ عمران خان، وزرا اور مشیروں کی تقریریں، تکبر پر مبنی بیانیہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ یہ نوشتہئ دیوار ہے کہ حکومت ناکام ہے۔

لیاقت بلوچ سے عوامی وفود، علما اور سماجی، بلدیاتی شخصیات نے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی گوادر، کراچی میں عوامی مسائل پر عوامی دھرنوں سے ملک میں بیداری کی لہر پیدا کررہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی عوام، جمہوریت اور بلدیات دشمنی بے نقاب ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں 101 دھرنے عوام کو بیدار، متحرک کردیں گے اور فیصلہ کن دھرنا ملک میں آئین کی حکمرانی، شفاف، آزادانہ انتخابات کا راستہ کھول دے گا۔ نااہل عوام دشمن مہنگائی کی ذمہ دار حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے علما سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی شاہانہ زندگی قربان کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی، اسلامی قوانین کا بول بالا کرنے کے لیے جدوجہد کی اور اعلان کردیا کہ دنیا کی نجات اسلامی نظام میں ہی ہے۔ علما، مشائخ ہی ملک میں جوہری انقلابی کردار ادا کریں گے۔