ملک و قوم کو درپیش مسائل سے صرف جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے،محمد جاوید قصوری
2سال پہلے
لاہور16دسمبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ تین ماہ میں حکومت نے پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 22روپے 23پیسے اضافہ کیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہونے کے باوجود قیمتوں میں معمولی سی کمی کرکے پاکستانیوں کو لالی پاپ دیا گیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی کے ساتھ ہی ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔جس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں 200سے زائد ٹیکسٹائل یونٹس کی گیس اور بجلی سپلائی کوبند کرنے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ان کے ٹیرف میں اضافہ کرنا صوبائی حکومت کا شرمناک اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پہلے ہی شدید قسم کی مالی مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ بر آمدی اہداف کو پورا کرنا ناممکن ہوچکا ہے۔ ملک کے مجموعی قرضوں کا حجم جی ڈی پی کی تمام حدود عبور کرچکا ہے۔ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کسی قسم کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بد ترین کارکردگی میں تمام کے تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عوام فاقہ کشی کے باعث خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان 48مرتبہ مہنگائی کا نوٹس لے چکے ہیں مگر مافیا ان سے بھی زیادہ طاقتور دکھائی دیتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام ان کو مسترد کر کے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہا ر کریں، کیونکہ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات صرف جماعت اسلامی کی محب وطن اور ایماندار قیادت دلا سکتی ہے۔