سود میں اضافہ کر کے مہنگائی کم کرنے کا فارمولا غیر اسلامی، غیر آئینی اور غیر دانشمندانہ ہے،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
3سال پہلے
لاہور15 دسمبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ سود میں اضافہ کر کے مہنگائی کم کرنے کا فارمولا غیر اسلامی، غیر آئینی اور غیر دانشمندانہ ہے۔ اس کے ذریعے مہنگائی میں مزیداضافہ ہو گا، معیشت مزید برباد ہو گی اور بے برکتی میں مسلسل اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ سود اللہ اور رسولؐ کے خلاف اعلان جنگ ہے اور ظاہر ہے کہ اللہ اور رسولؐ سے کوئی بھی جنگ نہیں جیت سکتا۔
فرید پراچہ نے کہا کہ ہماری معیشت کی تباہی کی اصل وجہ ہی سود ہے۔ ہم عوام سے ریونیو جمع کر کے سود کی قسطیں ادا کر رہے ہیں اور اب تک اربوں روپے صرف سود میں ادا کر کے معیشت کو کھوکھلا کرچکے ہیں۔ سود دینے کے لیے ہم مزید قرضے لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سے حاصل ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کو گاڑیاں، اشیائے تعیش اور حرام غذائی اشیا درآمد کرنے پر صرف کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے اندر تیار ہونے والی گاڑیوں کے معیار کو بہتر اور قیمتوں کو کم کر کے ہم زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔