News Detail Banner

حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فنڈز روکنے کی دھمکی قابل مذمت ہے،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور یکم دسمبر  2021

    امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ  حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دھمکی کہ ”ای وی ایم سے انتخابات کروائے جائیں ورنہ فنڈز بند کردیے جائیں گے۔“ شرمناک اقدام ہے۔ اس طرز عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت دھونس،جبراور غیر اخلاقی حرکات پر اتر آئی ہے۔ جب تک ملک کے اندر اداروں میں مداخلت ختم نہیں ہوگی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ حکومت نے اپنے تابو ت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے محض دکھاوا اور عوامی غصہ ٹھنڈا کرنے کا ایک ناکام حربہ ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔جو وزراء گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں کچھ نہیں کرسکے وہ آئندہ تین ماہ میں کیا کریں گے۔؟عوام کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔پاکستان کے 22کروڑ عوام نااہل حکمرانوں کی اصلیت جان چکے ہیں۔ان سے نجات کے سوا اب کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں بچا۔افسوسناک امر یہ ہے کہ ووٹرز کی خریدو فروخت کی ویڈیو منظر عام پر آرہی ہیں۔ مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، اس سے قبل جس انداز میں ضمنی الیکشن میں لوگوں کو اٹھا کر دھاندلی کی جاتی رہی وہ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں کبھی صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ یہ ہمارا المیہ ہے کہ کرپٹ اور لوٹ مار کرنے والا مافیا اپنی دولت کو استعمال کرکے انتخاب جیتتا ہے اور پھر بر سر اقتدار آکر لوٹ مار کا ایک نیا بازار گرم کردیتا ہے حکومت نے انتخابی اصلاحات کے لئے اب تک سنجیدہ کاوشیں نہیں کیں جس سے ظاہر ہو تا ہے کہ وہ آئندہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد نہیں چاہتی۔حکومت کو اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔