News Detail Banner

نوجوانوں نے حکومت پر مکمل عدمِ اعتمادکا اعلان کر دیا ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور29نومبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی یوتھ کی کامیابی پر ملک بھر کے نوجوانوں صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے حکومت پر مکمل عدمِ اعتمادکا اعلان کر دیا ہے۔نوکریوں، باعزت زندگی کی چوری وزیرِاعظم عمران خان پر چسپاں ہو گئی ہے۔ بے روزگاری والدین اور نئی نسل کے لیے بڑا روگ بن گئی ہے۔ مہنگائی سے چولہے ٹھنڈے،بے روزگاری سے آمدن کے ذرائع کم تر اور قوت خرید ختم ہو رہی ہے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کی بدترین عوام دشمن شرائط مان کر عوام کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ حکومتی اقتصادی ٹیم عالمی استعماری قوتوں نے مسلّط کی ہے جِس کا ٹاسک پاکستان کو اقتصادی اعتبار سے دیوالیہ کرنا ہے۔ عمران خان ضِدہٹ دھرمی چھوڑیں اپنی ناکامی تسلیم کریں،مستعفی ہوں اور عوام سے نیا مینڈیٹ کے لئے رجوع کیا جائے۔ دوسری صورت میں قومی قیادت، حکومت، اپوزیشن اور ریاستی ادارے ڈائیلاگ کریں،ملک کو بحرانوں سے نکالیں۔ حکومت طلبہ اورنوجوانوں کے مطالبات تسلیم کرے۔

لیاقت بلوچ نے مظفرآباد میں ورکرز کنونشن اورمانسہرہ میں ضلعی بلدیاتی انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی اور عام انتخابات کے لئے جذبہ ایمانی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے عزم سے متحرک ہو جائیں۔ قرآن ہمارا دستور، اسوہ رسولؐ ہمارا طریقہ اور معاشی سماجی معاشرتی عدل وانصاف لانا ہماری جدوجہد ہے۔ عمران خان سرکار نے انتخابی اصلاحات کی بجائے آئیندہ انتخابات کو پہلے سے زیادہ متنازع اور جمہوریت کے خاتمہ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ عمران سرکان نے ریاست مدینہ نظام دینے کی بجائے غرور،تکبر، بے حیائی، فحاشی، مفاد پرستی، رشوت، کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری کی بم باری کی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو مکمل نظر انداز کر دیا ہے۔ افغانستان کے حالات کو تذبذب کی وجہ سے پاکستان کے لئے مزید منفی رجحانات پیدا کر دیئے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے وقار، آزاد وخود مختار حیثیت کی بحالی کے لئے جدوجہد کرے گی۔