الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین،جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے،سراج الحق
2سال پہلے
لاہور7 نومبر2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کوجیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی بنانے پر بضد ہے۔ حکمران ٹولہ اپنی کرپشن بچانے کے لیے آرڈنینس کے ذریعے نیب پر حملہ آور ہوا ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا موقف آئین،جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے۔ حکومت کی ڈیجیٹل دھاندلی کی کوششیں بے نقاب ہو چکیں۔پی پی پی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی سیاسی تکون نے دنیا بھر میں ملک کا تماشہ بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے سیاسی و سماجی رہنما اور سولنگی برادری کے سردار زبیرخان سولنگی کے ساتھیوں سمیت باقاعدہ جماعت اسلامی میں شمولیت پر حیدرآباد میں منعقدہ شمیولتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ سردار زبیر خان سولنگی کی شمولیت بارش کا پہلا قطرہ ہے آخری نہیں۔وہ سندھ کے مظلوم عوام کے ترجمان بن کر جماعت اسلامی میں شامل ہوئے ہیں۔جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کا نظام چاہتی ہے۔ سندھ میں ظالم جاگیردار وں و کرپٹ سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں۔دونوں آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلتی ہیں۔ملیر کراچی میں نوجوان ناظم جوکھیو کے بہیمانہ قتل سے ثابت ہوا کہ سندھ میں آج بھی جنگل کا قانون ہے۔ سندھ کی صوبائی حکومت پیپلز پارٹی ایم پی اے کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کا نوٹس لے۔پوری قوم مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا جام شورو ٹول پلازہ پر زبردست استقبال کیا گیا۔پھولوں کی پتیاں نچھاور اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک و ٹوپی پیش کی گئی۔ بعد ازاں انہیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں وادھو واہ قاسم اباد، پٹھان کالونی سے ہوتے ہوئے ہالا ناکہ پر جلسہ گاہ لایا گیا۔ جلسہ سے درگاہ سرہندی مٹیاری کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور آفاق حسن سولنگی نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، ضلعی امیر عقیل احمد خان و دیگر معززین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔سراج الحق نے مزید کہاکہ 13 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے مگر اس نے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا یہاں غربت ناچ رہی ہے۔ شہر گندگی و غلاظت کے ڈھیر بنے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام ایک بار جماعت اسلامی کو موقع دیں ان شاء اللہ صوبہ و عوام کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اب سردار زبیر خان اور سولنگی قوم اکیلی نہیں ہے پوری جماعت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔جہاں بھی سولنگی قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوئی ہمارے ہاتھ ظالموں کے گریبان میں ہوں گے۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں حقیقی،اسلامی اور فلاحی پاکستان کے لیے جماعت اسلامی اپوزیشن کابھر پور کردار ادا کر رہی ہے 28 نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن کے خلاف احتجاج کرئے گے سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی کی وجہ سے عوام کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے ظالمانہ بجٹ کے بعد ہر روز منی بجٹ کی شکل میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ حکومت کی نا اہلی اور نا لائقی ہے۔ اشیائے ضروریہ سمیت گیس،پیٹرول،بجلی،چینی،آٹااور ادویات غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی۔ایک کروڑ سے زائد لوگوں کا مزید خط غربت سے نیچے جانا پی ٹی آئی کی تین سالہ حکومت کی کارکردگی کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے بے روزگاری میں اضافہ کیا پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے لاکھوں لوگوں سے ان کی چھت چھین لی لنگر خانوں کی جگہ کارخانے بنائے جاتے تو آج نوجوان اتنی بڑی تعداد میں مایوسی کا شکار نہ ہوتے۔
سردار زبیرخان نے کہاکہ سراج الحق مظلوموں کی آواز ہیں۔ جماعت اسلامی میں بھی شمولیت کا مقصد حق کی آواز بلند کرنا ہے۔ جماعت اسلامی کو سمجھنے میں مجھے دو سال لگے ہیں۔ اس سے زیادہ صاف و شفاف پارٹی و قیادت مجھے نہیں ملی اس لیے آج میں باقاعدہ برادری و اتحادیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہوا ہوں۔ جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہوکر سولنگی برادری سمیت پوری قوم کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیاکہ جلد گوادر میں سراج الحق کا جلسہ کریں گے جس میں چاروں صوبوں سے سولنگی برادری کے لوگ شریک ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ سردار زبیرخان کی برادری سمیت شمولیت جماعت اسلامی کے لیے اعزاز ہے۔ پوری سولنگی قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ جماعت اسلامی آپ کے دکھ سکھ میں ساتھ ہوگی۔ ملک کی تمام جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں مہنگائی، بیروزگاری و بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ملیر کراچی میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے کے ہاتھوں نوجوان ناظم جوکھیو کا بہیمانہ قتل ظلم کی انتہا ہے۔
درگاہ سرہندی مٹیاری کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی نے کہاکہ جماعت اسلامی باکردار لوگوں کی جماعت ہے جو نظام مصطفٰی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے تمام مسائل کا حل بھی یہی ہے۔ سردار زبیر خان کی جماعت اسلامی میں شمولیت خوش آئند اور ثابت ہوگیا کہ جماعت ہر مظلوم کی جماعت ہے۔