عمران خان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ناکام ترین حکمران ہیں،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور16 اکتوبر2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے سندھ میں گھوٹکی، ڈہرکی، اوباڑو، سکھر، کندھ کوٹ، رسالدار، کشمور، گڈو میں سیرت خاتم النبیین ؐ کانفرنسوں، ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور لاہور میں سیاسی کارکنوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ناکام ترین حکمران ہیں۔ تقریریوں اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں کے سہارے عوام کی تمناؤں اور آرزؤں کو آسمان تک پہنچا دیا، لیکن ریاست، حکومت چلانے کے لئے نہ وژن نہ ٹیم ہے۔ 3 سال ریاستی اداروں کی پشت بانی سے کام چلا لیا، لیکن اب حکومت کے ساتھ ریاستی اداروں کو بھی عمران خان نے پشیمان کر دیا ہے۔ مہنگائی،بے روزگاری پہلے ہی ناقابلِ برداشت ہے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں خوفناک اضافہ عوام کا ڈیتھ وارنٹ ہے۔ چوری حکمران کرتے ہیں، زندہ درگور عوام کو کیا جا رہا ہے۔ 31اکتوبر2021ء کو پورے ملک سے مہنگائی بے روزگاری سے تنگ نوجوان اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے اور پوری قوم کی ترجمانی ہو گی۔ عوام کی معاشی قاتل حکومت کا یومِ حساب آ گیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ کے عوام اسلام اور پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔ قرآن وسنت اور آئین سے انحراف نے ملک کے کونہ کونہ کے عوام کو پریشان اور نظام کا باغی بنا دیا ہے۔ صوبوں میں عوام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ظلم کے دو پاٹوں میں پِس رہے ہیں۔ سندھ میں عوام پی پی پی اور پی ٹی آئی حکومتوں کو جھولیاں بھر بھر کر بددعائیں دے رہے ہیں۔ اَپر سندھ کے ہر ضلع کے شہروں، گوٹھوں میں تعلیم، صحت سے لوگ محروم ہیں۔ گندگیوں کے ڈھیر، گندہ پانی کی فراوانی اور صاف پانی کی عدم فراہمی وبال جان بنی ہوئی ہے۔ قبائلی جھگڑے، حکومتی لوٹ مار، سڑکوں،سیوریج، ادویات کا بجٹ ہڑپ کیا جا رہا ہے۔ اَپر سندھ میں جماعت اسلامی عوامی مسائل پرزبردست مہم چلائے گی۔ سندھ کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا جائے گا۔ پی پی پی حکومت نے وڈیروں کو ہر طرح کی سرپرستی دے کر عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ عوامی مسائل پر منظم مہم چلا کر مسائل کے حل پر حکمرانوں کو مجبور کرے گی۔ سکھر، کشمور، گھوٹکی، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہدادکوٹ،شکارپور سے عوامی کارواں کراچی کی جانب عوامی مارچ کریں گے۔