News Detail Banner

لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 12۔اکتوبر 2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پورا صوبہ لا قانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ایک طرف دن دیہاڑے ڈاکے اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو چکا ہے مگر مجال ہے کہ انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو، جبکہ دوسری جانب پولیس جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے گیا رہ کروڑ عوام بدحال ہیں۔ ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔ حکمرانوں کی کارکردگی اخبارات اور دیگر اشتہاری مہمات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ عوام کے جان ومال کو کسی قسم کا کوئی تحفظ حاصل نہیں۔صوبے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ جرائم پیشہ افراددندناتے پھررہے ہیں مگر قانون ان کو گرفت میں لانے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ قوم نے تاریخ میں اس سے زیادہ ناکام حکومت نہیں دیکھی۔22 کروڑ عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ تبدیلی کے دعویداروں سے جان چھٹرانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ جھولیاں بھر بھر کر تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے آج جھولیاں اٹھااٹھا کر انہیں بددعا ئیں دے رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے والے بھی اس کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ریاست عملاًمعاشی طورپر مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پا کستان میں ایک تہائی سے زیادہ نوجوان ڈپریشن کا شکار ہو چکے ہیں۔