پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام تاریخ میں امر رہے گا،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور 10اکتوبر2021ء
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ٹی آئی کا سونامی، ناکامی اور بد نامی کے بعد بے رحمی پر اتر آیا ہے۔پی ٹی آئی نے ایک نظام کا وعدہ کیا لیکن دو نظاموں کو مزید تقویت دی حکومت نے ملک میں غریب اور امیر کے فاصلے مزید بڑھا دئیے مہنگائی کے بوجھ نے غریب کو بے بس اور مڈل کلاس کو ختم کر دیا ہے اگر جھوٹ بولنے کا مقابلہ ہوتا تو ہماری حکومت ورلڈکپ جیت چکی ہوتی،قوم ظلم کے نظام کو بہت دیکھ چکی اب اسلامی نظام کی باری ہے ملک کے ڈگری ہولڈر بیروزگار نوجوان 31 اکتوبر کو اپنی ڈگریاں لیکر اسلام آباد پہنچیں، ان کے حقوق کی جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ان کے حقوق ان کو مل نہیں جاتے کیونکہ حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ورکرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر،نائب امیر سید ذیشان اختر،مرکزی چیئر مین جے آئی کسان جام حضور بخش لاڑ،عرفان انجم،نصراللہ ناصر،خالد بن جلیل نے بھی خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق تین روزہ دورہ سندھ کے بعد گزشتہ روز جنوبی پنجاب پہنچے تھے پہلے روز ضلع راجن پور اور رحیم یار خان کے مختلف پروگرامات میں شرکت کی اور بڑے عوامی اجتماعات اور ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔
سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر مرحوم نے خوشحال پاکستان اور ترقی یافتہ پاکستان چاہتے تھے۔ ڈاکٹر قدیر کے بزرگوں نے اسلامی پاکستان کی خاطر ہجرت کی۔انہوں نے ہزار دھمکیوں کے باوجود پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔مرحوم سے ذاتی تعلق تھا بظاہر وہ ایٹمی سائنسدان تھے لیکن وہ ایک اللہ کے ولی بھی تھے،ڈاکٹر قدیرالخدمت فاونڈیشن کیساتھ یتیمیوں کی کفالت کرتے تھے۔ ہمارے حکمرانوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، پرویز مشرف کی لگائی گئی پابندیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چیئرمین نیب تقرری پر حکومت کی اپنے لیے قبل از وقت این آر او لینے کی کوشش ہے اور اس پر حکومت نے پارلیمنٹ کوبلڈوز کیاہے۔ ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل نے حکومت کو خبردار کیا ہے، کہ یہ اقدام کرپشن میں اضافے کا سبب ہوگا۔ وزیر اعظم جن باتوں کے مخالف تھے اب وہ سب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج غریب کو اس کا حق نہیں ملتا۔جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے، ملک میں انصاف کا حصول مشکل ہو گیا ہے پارلیمنٹ میں بیٹھے ظالموں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے پانامہ لیکس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لوگ،سابق جرنیل،بیوروکریٹس تھے جن کے سامنے ہماری عدالتیں بے بس تھیں آج پنڈورا لیکس میں ہمارے ساتھیوں کے سوا باقی سب سیاسی پارٹیوں کے لوگ شامل ہیں۔ جماعت اسلامی لٹیروں کا مقابلہ کرے گی۔ آپ کا مستقبل محفوظ بنائے گی۔سراج الحق نے مزید کہا کہ ریاست بھاولپور کے پاکستان پر بہت احسانات ہیں ریاست بھاولپور کی نوزائیدہ پاکستان کے لیے بہت قربانیاں تھی مگر ان حکمرانوں نے 74 سال گزرنے کے باوجود بھاولپور صوبہ کو بحال نہ کیا۔ ہم حکومت میں آکر بھاولپور صوبہ بحال کرینگے اس کو ترقی دیں گے ڈاکٹر سید وسیم اختر (مرحوم) نے بھاولپور کے حقوق کی لڑائی لڑی ہے قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دلوایا ہم عوام سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آپ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوں۔بعدازاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی امامت میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بھاولپور میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی غائبانہ نماز جنازہ میں سابق ایم این اے مخدوم سید احمد عالم انور سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔