News Detail Banner

ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے ہی نہیں، بلکہ پورے عالم اسلام کے ہیرو ہیں،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور 10۔اکتوبر 2021

 امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری،سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، نائب امراء ذکر اللہ مجاہد، سردار ظفر حسین خان، نصر اللہ گورائیہ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے ایٹمی سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ قائدین نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی بے مثال اور لا زوال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی رحلت سے پوری قوم صدمے میں ہے۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرکے جس جذبے سے ڈاکٹرصاحب نے پاکستان واپس آکر ملک و قوم کی خدمت کی ہے اس پر پاکستان کے 22کروڑ عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایٹمی پروگرام کے باعث آج پاکستان ناقابل تسخیر ہوچکا ہے۔قوم اپنے ایٹمی پروگرام کے ہیرو کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے آج دشمنوں کے لیے آسان نوالہ نہیں رہا۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان  صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے بھی اصل ہیرو ہیں۔ مسلم ممالک میں انہیں ہمیشہ عزت و احترام ملا،جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوا ہے۔ ان کی وطن سے محبت انمول تھی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عبد القدیر خان کو تین صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ایک قابل انسان اور سچے مسلمان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کررکھی تھی۔ بلاشبہ ڈاکٹر عبد القدیر قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔