News Detail Banner

پنڈورا پیپرز نے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو ایکسپوز کر دیا ہے،راشد نسیم

2سال پہلے

لاہور06 اکتوبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عماد صدیقی کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ انھوں نے ٹنڈوالہ یارکے قیم جماعت اسلامی عاشق خانزادہ کے بڑے بھائی کے انتقال پر بھی مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ راشد نسیم نے ٹنڈوجام کے امیر جماعت اسلامی راؤ علیم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔نائب امیر جماعت تعزیت کے لیے مرحومین کے اہل خانہ کی رہائش گاہ پر گئے۔

ان مواقعوں پر کارکنان جماعت اسلامی اور دیگر افراد سے گفتگو کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہا کہ پنڈورا پیپرز نے تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو ایکسپوز کر دیا ہے اور حکمران طبقہ کی شفافیت اور احتساب کے نعروں کی قلعی کھول دی۔ انھوں نے کہا کہ جن اداروں کے موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کے نام پنڈوراپیپرز میں آئے ہیں یا ان کے اہل خانہ کے نام شامل ہیں، ان اداروں کے سربراہان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے خلاف تحقیقات کریں۔ انھوں نے کہا کہ شفاف تحقیقات سے اداروں کی ساکھ اور عوام کا اعتماد بحال ہو گا۔