News Detail Banner

حکمرانوں کے اعصاب پر مہنگائی کی بجائے اپوزیشن سوار، معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور 30۔ستمبر 2021

 امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں 908پوائنٹس کمی کے بعد شدید مندی دیکھنے کو مل رہی ہے جبکہ سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں سرمایہ کاری کی مالیات 127ارب 7کروڑ 54لاکھ روپے کم ہے۔ سونے کی قیمت ایک لاکھ 13ہزار 700روپے فی تولہ ہوچکی ہے جبکہ تبدیلی کا شور کرنے والے، قوم کو مسلسل دھوکہ دے رہے ہیں۔ حکومت کے اعصاب پر مہنگائی کی بجائے اپوزیشن سوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا یہ حال ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے صوبے جہاں پر وہ مسلسل دوسری بار حکومت کررہی ہے، خیبر پی کے میں کرپشن بے لگام ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ”خیبر پی کے میں کرپشن اتنی زیادہ ے کہ عوام کو کچھ ڈیلیور نہیں ہوسکتا۔“ سونامی کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے نام پر اپوزیشن اور حکومت دونوں ہی نیم دلی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ دونوں ہی نہیں چاہتے کہ انتخابات میں دھاندلی کے عنصر کو ختم کیا جائے، کیونکہ ملک کی یہ تاریخ رہی ہے کہ جو بھی وفاق میں بر سر اقتدار آیا وہ دھاندلی کرکے ہی آیا۔ فرسودہ نظام کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ جب تک انتخابی اصلاحات کو یقینی نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک ملک میں صاف شفاف انتخابات ممکن نہیں اور قوم کو محب وطن قیادت میسر نہیں آسکتی۔ جو حکومت اپنے ہی ملک کے اہم اداروں سے محاذ آرائی پر اتر آئے اس کا مستقبل کیا ہوسکتا ہے؟ حکمرانوں میں سیاسی فہم و فراست نام کی کوئی چیز نہیں۔