News Detail Banner

ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شرمناک ،فوری واپس لیا جائے،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

لاہور 29 ستمبر 2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے تین سالوں سے تبدیلی کے نام پر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔  اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔  ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شرمناک ہے۔ عوام بد حال اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں نے بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آئی ہے، اس وقت سے ہی ہر شعبہ تباہ حال اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ یہاں ہر روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک چور لٹیروں اورکرپٹ افراد اسمبلیوں میں اور کابینہ کا حصہ ہیں اس وقت تک مافیا کے ظلم سے نجات حاصل نہیں ہوسکتی۔ عوام بد حال اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔  المیہ یہ ہے کہ وزیر اعظم دعوے تو بلند و بانگ کرتے ہیں مگر ان کی ٹیم میں اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جب تک لٹیروں کا راستہ نہ روکا گیا اس وقت تک تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ نالائق حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح عبرتناک ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے عومی مسائل کے حوالے سے مزید کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے11 ماہ کے دوران 12ارب 13کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کے غیر ملکی قر ضہ حاصل کیا ہے۔ ملکی و غیر ملکی قرض میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے مگر عوام کو ریلیف کہیں نظر نہیں آتا ہے۔ گردشی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کیا یہ ہے وہ تبدیلی جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا؟