مہنگائی کا جن بے قابو، عوام تبدیلی سرکار سے جان چھڑانا چاہتے ہیں،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور27۔ستمبر 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ ملکی اداروں کے مطابق گزشتہ سال پاکستان میں 20لاکھ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے جاچکے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی جس انداز میں بے قدری دیکھنے کو ملی، ایسی بے قدری ماضی میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ عوام تحریک انصاف کی تبدیلی سے اب جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت میں 350روپے تک اضافہ ہوا، انڈے کی قیمت 67روپے فی درجن، چینی کی قیمت 50روپے فی کلو، دودھ کی قیمت میں 45روپے جبکہ کھانے کے تیل کے ڈھائی کلو کے پیکٹ کی قیمتوں میں 400روپے اور پٹرول کی قیمت میں 23روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ یہ ہے وہ تبدیلی، جس کا خواب پاکستان کے 22کروڑ عوام کو دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر میں ہونے والا اضافہ کسی بھی ملک کی ترقی پر اثر انداز ہوتا ہے کیونکہ اس سے لوگوں کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ ایک سال کے دوران ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمد میں 53فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بر آمدات دن بدن کم ہوتی جارہی ہیں۔ زر مبادلہ پاکستان آنے کی بجائے بیرون ممالک منتقل ہورہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں۔ جب تک حکومت اپنی معاشی پالیسیوں پر سنجیدگی سے از سر نو جائزہ نہیں لے گی، اس وقت تک غربت، مہنگائی، بے روزگاری ختم اور عوام کا معیار زندگی بلند نہیں ہوگا۔ روزگار پیدا کرنے کے لیے ملک کے اندر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ بد قسمتی سے وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی در آمد کی ہے۔ یوٹیلیٹی سٹور چینی 123روپے فی کلو میں خرید کر 85روپے میں فروخت کریں گے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں، اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔