News Detail Banner

تحریک انصاف کی حکومت نے 22کروڑ عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں،محمد جاوید قصوری

2سال پہلے

23۔ستمبر 2021

لاہور (           )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی میں ہوشر با اضافہ پر ملکی و غیر ملکی تمام ادارے پریشان ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بعد ایشیائی ترقیاتی بنک کا بھی مہنگائی میں اضافے کے حوالے سے خدشات حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ مگر بد قسمتی سے حکومتی ترجمان حقائق کا ادراک کرنے کی بجائے الٹا معاشی ترقی کے گن گارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مجھے مہنگائی کے ستائے عوام کے بارے میں سوچ کر نیند نہیں آتی تو دوسری طرف کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے۔ وزیر خزانہ کے بیانات اور طرز عمل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ تحریک انصاف نے عوام کو روزگار اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا مگر عملاً عوام سے نہ صرف روزگار اور گھر چھین لیا ہے بلکہ الٹا دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ غریب مزدور طبقہ غربت کی پستیوں میں گھر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 24ستمبر کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت پورے ملک میں یوم احتجاج منائے گی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف نے عوام سے انکی خوشیاں چھین لی ہیں۔ عوام پریشان حال اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ تین برسوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر عوام کو ریلیف کے نام پر حکمرانوں نے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ 20کلو آٹے کا تھیلا فلورز ملز کی جانب سے 1180روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔ حکومتی چیک اینڈ بیلنس مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔