تحریکِ انصاف حکومت کا 3 سالہ دورِ اقتدار ملک و ملت کے لیے خوفناک تجربہ ہے،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور 22 ستمبر 2021
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں قومی رہنما سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر مرحوم کے صاحبزادے سردار اختر جان مینگل اور پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر جمال دینی، ثنا بلوچ سے تعزیت، دعائے مغفرت کی اور مرحوم کی سیاسی، جمہوری، قومی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ملت جمہوری اور سیاسی میدان میں مہذب اور جری رہنما سے محروم ہوگئے۔ لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں عصرانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف حکومت کا 3 سالہ دورِ اقتدار ملک و ملت کے لیے خوفناک تجربہ ہے۔ حکومت عملاً ہر محاذ پر ناکام ہے۔ عمران خان اور اُن کی ٹیم نے تقریروں، اعلانات، ٹویٹس پر پہ وقت ضائع کیا اور تعمیری، عوامی فلاحی اقدامات کی بجائے دوسروں پر الزامات، پگڑیاں اچھالنے میں وقت برباد کیا۔
لیاقت بلوچ نے پنجند (تلہ گنگ) میں معززین، ورکرز اجلاس میں کہا کہ داخلہ، خارجہ اور اقتصادی محاذوں پر عمران سرکار کی کوئی حکمتِ عملی نہیں۔ سود، قرضے، گردشی قرضے، کرپشن اور کشکول لے کر پھرنے کے طریقہ کار نے مہنگائی، بے روزگاری، کساد بازاری، پیداواری لاگت میں ناقابلِ برداشت اضافہ کردیا ہے۔ داخلہ اور اقتصادی وزارتوں میں بار بار ٹیم تبدیلی کے باوجود حالات تباہی سے ہی دوچار ہیں۔ افغانستان میں افغان عوام اور طالبان کی عظیم فتح پر بھی حکومت امریکی وائرس کے دباؤ میں ہے۔ حکومت بِلاتاخیر طالبان حکومت تسلیم کرے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے سدباب کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی بنائی جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان مٰں صوبائی حکومت اندرونی سازشوں اور خلفشار کا شکار ہے۔ "باپ" کے بچے جمہورے ہی اپنی حکومت کے لیے بلیک میلنگ کے اڈے بنے ہوئے ہیں۔ بلوچستنا میں مسائل زیادہ گھمبیر ہوگئے ہیں۔ گوادر، تربت، پنجگور میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔ بلوچستان کے ڈاکٹرز، اساتذہ، سرکاری ملازمین، کلرک، انجینئرز، ہیلتھ ورکرز سب اپنے مسائل کے حل کے منتظر ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ سی پیک کی سُست روی بلوچستان کے عوام کے اندر احساسِ محرومی میں مزید اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔