News Detail Banner

سید علی گیلانی کی تحریک آزادی اور حصول حق خود ارادیت کی تحریک کامیاب ہو گی،لیاقت بلوچ

3سال پہلے

لاہور02 ستمبر2021ء

نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک حریت کشمیر کے بہادر، لیجنڈری قائد سید علی گیلانی مسلسل جدوجہد اور حق پر ڈٹے رہنے کے بعد دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ موت اٹل حقیقت ہے اُن کی موت سے پیدا ہونے والے خلاء میں مرحوم کے تربیت یافتہ، جری اور نڈر بہادر لشکر آگے بڑھیں گے۔ مرحوم نے اپنی زندگی میں افغانستان کی عظیم فتح دیکھ لی، اِن شاء اللہ علی گیلانی کی تحریک آزادی اور حصول حق خودارادیت کی تحریک بھی کامیاب ہو گی۔ بھارت افغانستان کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھی شکست کھائے گا۔ سید علی گیلانی کی بھارتی قید میں موت شہادت کی موت ہے۔ جموں وکشمیر کی قیادت آگے بڑھے اور متحد ہو کر کشمیری عوام کو حوصلہ اور ولولہ دیں۔ پاکستان میں سیّد علی گیلانی کی موت پر ہر گھر میں صدمہ اور ایک خاندان جیسا دکھ محسوس کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اب حوصلہ کریں اور قومی قیادت کو متحد کر کے متفقہ قومی کشمیر پالیسی بنائیں۔ افغانستان میں امریکہ اور بھارت کی شکست کے اثرات کو مقبوضہ کشمیر میں کامیابی کے ساتھ مرتب ہونے دیں۔

لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے وفد اور میٹرو ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت لاہور،ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد میں میٹرو بس کے ڈرائیورز اور عملہ سے مسلسل ظالمانہ اور روزگارکش برتاؤ کر رہی ہے۔ حکومت عوام کو سہولت دینے کے لیے تیار نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور دھونس کے ذریعے سَب کو دکھ پہنچا رہی ہے۔ کلرک، ڈرائیور، اساتذہ، ڈاکٹرز، انجینئرز، سرکاری ملازمین اور پنشنرز اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام سے حقوق چھیننے پر اکٹھی ہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیں، معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے پیداواری اخراجات کم کریں اور میٹروبسوں کے ڈرائیورز اور عملہ کے واجبات، الاؤنسز فوری ادا کریں۔ پاکستان سٹیل ملز، ریلوے اور پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے انجینئرز، فنی ماہرین اور اداروں کے عملہ کواعتماد دے کر اداروں کو بحال اور منافع بخش بنایا جائے۔ قومی کمرشل اداروں کو نوکر شاہی کے بوجھ سے آزاد کیاجائے۔