تبدیلی و نیا پاکستان کا نعرہ فراڈ، معاشی، سیاسی اور اخلاقی تباہی ثابت ہوا،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور30اگست2021ء
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے جو قیامت کی صبح تک قائم رہے گا۔ تبدیلی و نیا پاکستان کا نعرہ فراڈ، معاشی سیاسی و اخلاقی تباہی ثابت ہوا۔ وقف املاک بل اور انسداد گھریلو تشدد بل ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا اور مسلمانوں کا مضبوط خاندانی نظام تباہ کرنے کی سازش ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی تین سالہ خراب کارکردگی پر اسٹیبلشمنٹ کو اپنا جانبدار رویہ ترک کردینا چاہیے۔ جماعت اسلامی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا عزم رکھتی ہے۔ کشمیر کی آزادی سے لے کر قیام پاکستان کے نامکمل ایجنڈا کو پورا کرنے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ آئندہ الیکشن میں اپنے ترازو کے نشان اور انقلابی منشور کے ساتھ پچاس لاکھ ووٹ حاصل کرنے کا ہدف پورا کریں گے۔ کارکن بھرپور عزم کے ساتھ تیاری کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور و سکھر میں جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسوں اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ پاکستانی سیاست میں اسٹیبلیشمنٹ طاقتور مہرہ بن چکی ہے۔موروثی و مفاد پرست سیاسی جماعتیں بھی ملک اور اپنی پارٹیوں کے اندر احتساب میرٹ و جمہوریت نہیں چاہتیں۔ سیاست کو پیسے و دولت کا کھیل بنادیا گیا ہے۔جب سیاسی جماعتیں عالمی و مقامی اسٹیبلیشمنٹ کے آگے سجدہ ریز ہوں گی تو پھر پارلیمنٹ و اسمبلیاں ربڑ اسٹیمپ اور عوام کے حقوق غصب ہوجاتے ہیں۔ افغان عوام کو اپنے بہتر مستقبل کا پورا حق ملنا چاہیے۔ افغانستان میں امن ہوگا تو ملک خوشحال اور اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے۔ بیس سال سے افغانستان کو بارود کا ڈھیر بنانے والے تسلیم کریں کہ اب طاقت کی سیاست نہیں چل سکتی۔سندھ کا چیف جسٹس سپریم کورٹ میں قبول نہیں کیا گیا۔ ایک جونیئر کو جج قبول کیا گیا۔ جس پر وکلاء برادری سراپا احتجاج ہے۔ ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی اور آج بھی ہم وکلاء کے ساتھ ہیں اور اپنا قومی کردار ادا کریں گے۔ ہم سپریم کورٹ سے اپیل کریں گے وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔سندھ لاقانونیت، قبائلی جھگڑے، زرعی پانی کی کمی اور صحت و تعلیم کی سہولیات کی عدم فراہمی سے لے کر جزائر کی سودے بازی و سکھر۔کراچی موٹر وے نہ بننے کی سندھ حکومت ذمے دارہے۔ پی پی اور پی ٹی آئی لڑاؤ حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اب یہ کھیل زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔ بلاول بھٹوزرداری کے عرب امارات اور امریکہ کے دورے کہیں ڈیل کا حصہ تو نہیں۔ستر کی دہائی سے پیپلز پارٹی سندھ پر حکومت کر رہی ہے۔عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ ایک منصوبہ کے تحت سندھ کے دیہی وشہری عوام کو تقسیم کیا گیا۔ مہاجر و سندھی کی بنیاد پر تقسیم کرکے نفرتوں کے بیج بوئے گئے۔ عام آدمی سے اپنا حق چھینا گیا۔ اس کا واحد علاج اسلام اور عشق مصطفیٰ ہے جو سب کو متحد رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستانی سیاست کو امانت دیانت خدمت شرافت اور جرأت کے ساتھ عزت بخشی ہے۔ ہم دیگر پارٹیوں کی طرح محض دعوے و ہوائی باتیں نہیں بلکہ کے پی کے کے دو مرتبہ سینئر وزیر رہنے والے سراج الحق، کراچی کے سابق میئر و ناظم اعلیٰ عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان سمیت پوری قیادت کا کام و کردار قوم کے سامنے ہے۔