News Detail Banner

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت براہ راست ملوث ہے،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور 30۔اگست  2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا دہشت گردی کے حوالے سے بے بنیاد الزام تراشی انتہائی قابل مذمت ہے۔بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مودی سرکار افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر گرانا چاہتی ہے۔ دہشت گردی بھارت کی ریاستی پالیسی ہے اور پوری دنیا کے سامنے حقیقت افشاں ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انڈیا خطے میں چودھراہٹ قائم کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانیت کے علمبر دار ممالک بھارت کی بے جا حمایت کرنے سے باز آجائیں۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جنوبی ایشیا میں بھارت اسلحے کے انبار لگانے کا سلسلہ بند اور دہشت گردوں کو عالمی و عسکری سپورٹ کرنا ختم نہیں کرتا اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مسئلہ کشمیر کو فی الفور حل کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں جو حشر نشر امریکہ، نیٹو اور بھارت کا ہوا ہے اس سے سبق حاصل کیا جانا چاہیے۔ ایمان کی طاقت کے سامنے دنیا کی کوئی سپر پاور ٹک نہیں سکتی۔ علاوہ ازیں محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹک ٹاکرز کا برہنہ حالت میں سڑکوں پر نکلنا قابل شرم اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ہے۔ مسلمان ملک میں معاشرتی اقدار کے ساتھ ایسا بہیمانہ اور شرمناک رویہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ اس گھٹیا حرکت میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے۔ مادر پدر آزادخیال لوگوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔