News Detail Banner

قومی ترجیحات پر قومی پالیسی بنائی جائے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے


لاہور 29 اگست 2021 

 نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 2018 کا الیکشن متنازعہ ہونے کے باوجود قومی مفاد میں قبول کیا مگر تبدیلی کی دعویدار حکومت نے مہنگائی کے طوفان سے عوام کی زندگی اجیرن، معیشت تباہ اور احتساب کو مذاق بنادیا ہے۔عمران خان جس ووٹ کے عزت کی بات کرتے ہیں انکے دور میں سب سے زیادہ ووٹ کی تذلیل کی گئی۔کشمیر کے سفیر بننے کا دعویٰ کیا گیا مگر مودی کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوکر کشمیر کا سودا کرچکے۔طالبان بڑی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، امریکہ و  دین دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں کہ کابل پر کلمہ کا پرچم سربلند ہو۔ حکومت پاکستان تاحال اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہے۔ افغانستان کشمیر اور فلسطین ایشوز پر کوئی حکمت عملی نہیں بناسکی ہے۔ آج  ضرورت ہے کہ قومی ترجیحات پر قومی پالیسی بنائی جائے۔ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی مخلص قیادت کے ساتھ ترازو کے نشان اور انقلابی منشور کے تحت میدان میں میں اترے گی۔ عوام ظلم و جبر اور مہنگائی سے نجات عدل وانصاف اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جماعت اسلامی کے 80ویں یوم تاسیس پر منعقدہ جلسے سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا۔ جے آئی یوتھ کے کارکنان نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال اور گاڑیوں کے جلوس میں اجتماع گاہ لایا گیا۔ جلسہ میں زرعی پانی کی کمی،میٹھے پانی کی فراہمی اور قبائلی تصادم کے خاتمے سمیت امن وامان کی بحالی کے لیے قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجتماع میں شہر کی سیاسی سماجی شخصیات اقلیتوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پچاس سالوں سے سندھ میں  پیپلز پارٹی کا دور چل رہا ہے۔ جیکب آباد سمیت سندھ کے عوام پینے کے صاف و میٹھے پانی، صحت و تعلیم و بجلی جیسی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ گیس تیل کمپنیوں اور تھرکول میں سندھ کے عوام کو نوکریاں ملنی چاہیں۔ سندھ کو زرعی پانی سے محروم اور سندھ کے جزائر پر قبضہ میں پیپلز پارٹی بھی برابر کی شریک ہے۔ بلاول بھٹو کے بیرون ملک دوروں سے  جزائر پر سودے بازی کے عوام کے اندر شکوک بڑھ رہے ہیں۔ یہی وجہ کہ کئی بار اقتدار اور ملک گیر پارٹی اب سندھ تک محدود ہوگئی ہے۔ جلسے سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، صوبائی رہنما حافظ نصراللہ عزیز چنا، عبدالحفیظ بجارانی، مولانا حزب اللہ جکھرو، اقلیتی نمائندے چیمبرز آف کامرس کے جنرل سیکرٹری شلو رام،ضلعی امیر حاجی دیدار لاشاری قیم صادق ملغانی نے بھی خطاب کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،لاڑکانہ ہائی کورٹ بار کے صدر عاشق دہامراہ ودیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔