ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے عوام کو بے روزگار کررہے ہیں،محمد جاوید قصوری
3سال پہلے
لاہور 29۔اگست 2021
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے عوام کو بے روزگار کررہے ہیں۔ نوکریوں سے فارغ کئے گئے یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کو فی الفور بحال کیا جائے۔ملک میں پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ملازمین بحالی ایکٹ 2010کالعدم قرار دینے کی وجہ سے 20ہزار سے زائد سرکاری ملازمین فارغ ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواران سے ملاقات اور مختلف عوامی وفودسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی تین سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ ریاست مدینہ جس کا قوم کے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا۔؟ ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ عوام ہمارے نمائندوں کو کامیاب کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جتنی بھی حکومتیں بر سر اقتدار آئیں، انہوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حتیٰ کے سیلاب، زلزلہ اور کرونا کے دنوں میں ملنے والی امداد بھی یہ لوگ کھاگئے ہیں۔ان چوروں لٹیروں سے اور بہروپیوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست کیسز کے خاتمہ تک محدود ہے۔ انھیں بھی عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ عوام ان سب کی حقیقت جان چکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔