News Detail Banner

ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کا تشدد قابل مذمت،جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

لاہور 28۔اگست  2021

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ہیں کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں۔ مافیا کو نہ چھوڑنے کے وعدے تو کر رہے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ مافیا ان کی اپنی صفوں میں ہی موجود ہے۔ آٹا، چینی، پیڑول مافیا ان کے اردگرد جمع ہیں۔ قوم کو بتایا جائے کہ کس چیز نے وزیراعظم کو مافیا کے خلاف کارروائی کرنے سے روکا ہوا ہے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت کے تین سال،کسی الف لیلہ کی داستان سے زیادہ کچھ نہیں۔ قوم کو ترقی وخوشحالی کے خواب تو دکھائے گئے مگر عملاًمہنگائی، بے روزگاری،لاقانونیت اور کرپشن نے ماضی کے تمام ریکارڈتوڑ ڈالے ہیں۔کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا گیا۔ہر محاذ پر تحریک انصاف کی حکومت نے ملک وقوم کو مایوس کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز پرپولیس کی جانب سے تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ادویات کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ کرونا کے خلاف لڑنے والوں پر بہیمانہ تشدد سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ حکمرانوں میں وہ اہلیت ہی نہیں جس سے مسائل حل کیے جا سکیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے تمام جائز مطالبات کو فی الفورتسلیم کیا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ادارے تباہ وبرباد ہو چکے ہیں۔6 ماہ کے دوران پی آئی اے کی آمدن میں 24 ارب روپے کی کمی ہوئی جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے۔