مفاد پرست و کرپٹ حکمرانوں نے اداروں کو متنازعہ بنایا،لیاقت بلوچ
3سال پہلے
لاہور28اگست2021ء
جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے امانت دیانت اور خدمت کے ذریعے پاکستانی سیاست کو وقار دیا ہے۔ علامہ اقبالؒ کی فکر قائد اعظم ؒکا ویژن اور مفکر اسلام سید مودودیؒ کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ آج ملک کے حالات دگر گوں ہیں۔ مہنگائی بیروزگاری و بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن، لاقانونیت اور پاکستان میں احتساب کا جنازہ نکال دیا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ، چینی، آٹا، سیمنٹ، تیل اور اسٹیل مافیا عوام کا خون چوس رہا ہے۔ قومی ادارے نجکاری کا شکار تبدیلی سونامی نیا پاکستان کے نعرے تحریک انصاف کی رسوائی کا سبب بن گئے ہیں۔ اس ساری صورتحال پر کوئی شرمندگی اور قوم سے معافی مانگنے کی بجائے تین سالہ کارکردگی پر جھوٹ کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔وزیراعظم اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، مفاد پرست و کرپٹ حکمرانوں نے اداروں کو متنازعہ جبکہ بیوروکریسی نے پاکستانی سیاست کو داغدار اور انتخابات کو بے اعتماد کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل مقام کشمور میں جماعت اسلامی کے 80 ویں یوم تاسیس اور شہادت حسین کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔قبل ازیں مہمان خصوصی کا شاندار استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک ٹوپی اور رلی پیش کیاگیا۔ کانفرنس کے دوران امن و امان اور صحت تعلیم روزگار سمیت دیگر مسائل پر متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ میدان کربلا نے حق و باطل کے معرکہ کو واضح کردیا ہے۔ نواسہ رسولﷺ امام حسینؓ کی شہادت کا لرزہ خیز واقعہ قافلہ حق کے مسافروں کے لیے پیغام ہے کہ اقامت دین کے لیے جان کی پروا کئے بغیر استقامت کے ساتھ حق کے ساتھ کھڑے و ڈٹے رہنا چاہیے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد بھی حسینی مشن کا تسلسل ہے۔ اس سال اگست کا مہینہ ایسے موقع پر آیا کہ 14 اگست جشن یوم آزادی، 10 محرم یوم شہادت حضرت امام حسین اور 26 اگست کو یوم تاسیس جماعت اسلامی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں عشرہ یوم تاسیس منانے اور کامیاب و بھرپور پروگرامات کے انعقاد پر صوبائی امیر محمد حسین محنتی سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
جلسے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز چنا، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی، مولانا حزب اللہ جکھرو،امیر ضلع آغا عبدالفتاح پٹھان، قیم جان گل خلجی نے بھی خطاب کیا۔