News Detail Banner

قوم کو جھوٹے وعدے کرنے والوں کو مسترد کرنا ہو گا،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

 23۔اگست  2021  

لاہور (           )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں ہیجانی کیفیت اوراضطراب کا عالم ہے۔ تحریک انصاف کے تین سال، مایوسی اورناکامیوں کے سوا کچھ نہیں۔ ملکی معیشت تباہ وبرباد اورمزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کر دی ہے۔ حالات اس وقت تک بہتر نہیں ہونگے جب تک عوام محب وطن قیادت کا انتخاب نہیں کرتے، اس کے لئے ضروری ہے کہ  کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کے نشان ترازوپر مہر لگائیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہو چکی ہے۔کارکنان کو ذمہ داریاں تفویض کی جا چکی ہیں۔ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا گیا تو ہم ہی کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی کی تباہ کاریاں دیکھ چکے ہیں۔قوم کو کھوکھلے نعروں اورجھوٹے وعدوں کے ذریعے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تبدیلی کا خواب ملک وقوم کو دکھایا گیا تھا وہ کوئی اورنہیں،صرف اورصرف جماعت اسلامی پورا کر  سکتی ہے کیونکہ ہماری قیادت عوام میں سے ہی ہے اوردیانتدار افراد پر مشتمل ہے۔ تاجروں، کسانوں اورگورنمنٹ ملازمین سمیت کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں ہے جو صحیح معنوں میں تسلی بخش کام کر رہا ہو۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتاہے کہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کی فہرست میں لاہور26ویں نمبر پر ہے۔فنڈز اور وسائل تو دستیاب ہیں مگر 31ارب کے 7ہزار9سو 99ترقیاتی کام التواء کا شکار ہیں۔ متعدد ایسے ترقیاتی منصوبے ہیں جو شروع تو ہو چکے ہیں مگر ان کے پایہ تکمیل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اوران کی پوری ٹیم کی کارکردگی پر تحریک انصاف کے اپنے لوگ بھی انگلی اٹھانے پر مجبور ہیں۔