News Detail Banner

افغانستان میں طالبان کی کامیابی سے کابل زوال سے کمال بن گیا ہے،لیاقت بلوچ

3سال پہلے


لاہور 17اگست2021 ئ

    نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے عوامی رابطہ دفتر میں علماء، طلبہ اور معززین کے وفود سے گفتگو،ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں جارح ناجائز قابض قوتوں کو افغان عوام نے زمین بوس کر دیا ہے۔ افغان عوام نے اسلام، آزادی، جرا ت واستقامت اور لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کر دی ہے۔ افغانستان میں طالبان کی کامیابی سے کابل زوال سے کمال بن گیا ہے۔ نائن الیون کے بعد امریکہ اور نیٹو فورسز نے جنرل پرویز مشرف کے تعاون سے زبردستی فال آف کابل کیا تھا، افغان عوام نے کابل کو اس زوال سے نکال لیا ہے۔ نائن الیون کے بعد قابض افواج کا ہر اقدام افغان عوام کی خواہشات کے خلاف تھا۔ اب یہ افغان عوام اور قیادت کا حق ہے کہ نظام مملکت کا فیصلہ خود کریں۔ افغانستان امارتِ اسلامی تھا اور ہمیشہ امارتِ اسلامی رہے گا۔چین اورایران نے افغانستان کی صورت حال پر بروقت اوردرست مو قف دیا ہے جبکہ حکومت پاکستان اور قومی سلامتی کمیٹی تذبذب اوراندیشوں میں مبتلا ہے۔ یہ بروقت فیصلہ ہو گا کہ طالبان کی حکومت سازی کے لئے ہر طرح تعاون کا اعلان کیا جائے۔افغانستان کی تعمیرنو میں مہارت ، ٹریننگ اور اداروں کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی جائے۔ پاکستان نے افغانستان کے عوام کی آزادی اورجدوجہد کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ یہ مرحلہ واضح دو ٹوک فیصلوں کا ہے۔

    لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ کے وفد سے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر نوجوانوں کی پاکستان اور اسلام سے محبت کاا ظہار بڑی طاقت اور مستقبل کا سرمایہ ہے۔ تعمیری سرگرمیاں ہی نوجوانوں کا فخر ہونا چاہیے، ون ویلنگ اور بغیر سلنسر موٹر سائیکل خود نوجوانوں اور والدین کے لئے بڑا نقصان ہے۔ پاکستان مثالی اسلامی فلاحی ریاست بننے کے لیے وجود میں آیا۔ پاکستان دو قومی نظریہ کا حاصل ہے۔ دوقومی نظریہ اسلام ہے ، حق اور باطل کے درمیان فرق ہی دو قومی نظریہ ہے۔ یہ دو قومی نظریہ ہی ہے جس نے سرسید احمد خان کو بدلا، علامہ اقبال کو بامِ عروج دیا اور قائد اعظم اسلام، تہذیب ، جدوجہد آزادی اور تاریخ کے عظیم نامور وکیل اور قائدبن کرابھرے ۔نوجوانوں کے لئے رول ماڈل تحریک پاکستان ہے۔ مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی نے دو قومی نظریہ تحریک کو جلا بخشی اور نوجوانوں میں تحرک پیدا کیا۔ آج کے نوجوانوں کو بھی پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے عزم نو کرنا ہو گا۔