News Detail Banner

پنجاب میں خواتین کے اغواء کی بڑھتی وارداتیں تشویش ناک ہیں،محمد جاوید قصوری

3سال پہلے

17۔اگست  2021

لاہور (           )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں کرپٹ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں اور ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ ”دو نہیں ایک پاکستان“اور کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آنے والوں کے دور حکومت میں کرپشن اور خرد برد کے بڑے بڑے اسکینڈلز منظر عام پر آرہے ہیں۔ دیا میر بھاشا ڈیم منصوبے کے ٹھیکے میں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف لمحہ فکریہ ہے۔ جس ڈیم کی تعمیر کے لیے قوم نے سرمایہ دیا اسی میں ہیر پھیر نے حکمرانوں کی شفافیت کے نعروں سے ہوا نکال دی ہے۔   ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ یہاں تک کہ پنجاب اسمبلی کا پارلیمانی نظام بھی تین برسوں سے عد م توجہی کا شکار ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی باہمی چپقلش کے باعث قائمہ کمیٹیوں کو بری طرح نظر انداز کیا جارہا ہے۔ 40قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے باوجود صرف 21کمیٹیز کے چیئرمین منتخب ہو سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ سال کی پہلی ششماہی میں لاہور میں 1609اور پورے صوبے میں 6954خواتین کواغوا کیا گیا، جن میں سے ایک ہزار 890خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کا بد ترین فعل کیا گیا۔ کہاں ہے وہ تبدیلی اور مدینہ جیسی فلاحی ریاست جس کا خواب قوم کو دکھایا گیا تھا؟۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان بہروپیوں سے نجات حاصل کرے۔ تینوں جماعتوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ جب تک فرسودہ نظام سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر لیا جاتا اس وقت تک حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔