سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے پیروکار وں نے معیشت اور اداروں کا بیڑہ غرق کردیا ،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور 10اگست2021 ئ
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں اور عوام کے مفادات میں واضح ٹکراﺅ ہے ۔ سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے پیروکار وں نے معیشت اور اداروں کا بیڑہ غرق کردیا ۔ پہلے کہاتھا حکومت بجٹ ٹارگٹس غریبوں کا خون نچوڑ کر پورے کرے گی ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی پھر تیاری ہورہی ہے ۔ واضح کر دینا چاہتاہوں عالمی مالیاتی اداروں کے اشاروں پر ایسے ہی سرنڈر ہوتارہا تو خدانخواستہ ملک مکمل ڈیفالٹ کر سکتاہے ۔ قوم کے پاس واحد راستہ سرمایہ داروں ، مافیاز اور وڈیروں سے نجات ہے ، جمہوری اور پرامن جدوجہد کرناہوگی ۔ عوام نے باقی پارٹیوں کو آزما لیا اب جماعت اسلامی پر اعتماد کریں ۔ ہمیں خدمت کا موقع ملا تو عمر فاروق ؓ کا نظام لائیں گے ، جہاں حکمرانوں کو اپنے اثاثوں سے متعلق عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا ۔ لوگ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری کا بھر پور مظاہرہ کریں ۔ فرقہ واریت کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرناہوگا ۔ اسلام دشمن طاقتیں امت میں فساد پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔ ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے ، محبت اور یگانگی کو فروغ دیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے لاہور کینٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں اور منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری بھی موجود تھے ۔
سراج الحق نے کہاکہ ورلڈ بنک کے نائب صدر کے دورے کے فوری بعد اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک بار پھر بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ کی تیاری کر لی ہے ۔ ورلڈ بنک نے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف کی اگلی قسط ان کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد سے مشروط ہے ۔وزیراعظم آئے روز معیشت میں بہتری کے دعوے کرتے ہیں مگر دوسری طرف کشکول بھی اٹھایا ہواہے ۔ ان کی منطق قوم کی سمجھ سے بالا ہے ، گزشتہ تین سالوں میں اشیائے خوردونوش ، بجلی ، پٹرول ، ادویات کی قیمتوں میں 100 سے 200 فیصد اضافہ ہوا ۔غریبوں کے لیے گھٹن کے اس ماحول میں سانس لینا دشوار ہوگیا ۔ حکمران غریبوں کی حالت زار پر رحم اور اپنی اصلاح کریں ۔ دو فیصد ارب پتیوں نے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہواہے قوم ان کے خلاف جدوجہد کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔
سراج الحق نے کہاکہ امت مسلمہ تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہی ہے البتہ افغانستان میں جارح طاقتوں کی شکست پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ہوا کا تازہ جھونکا ہے ۔ یقین ہے کہ فلسطین ، کشمیر اور برما کے مسلمان بھی آزاد ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو امت کی رہنمائی کرنا تھی مگر ایک ایٹمی ملک ہونے کے باوجود 23 کروڑ عوام غربت کی چکی میں پس رہی ہے ۔ وجوہات سب کے سامنے ہیں، ملک کی 73 سالہ تاریخ جمہوری اور مارشل لائی تجربات کی بھینٹ چڑھ گئی ۔ قوم کو طرح طرح کے خواب دکھاکر اس کے ساتھ دھوکہ اور نسلوں کے مستقبل سے کھیلا گیا ، اب اس تماشا کو بند ہوناچاہیے۔ انہوںنے کہاکہ اب عوا م او رخصوصی طور پر نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری ہے کہ ملک میں پائیدار جمہوریت کے قیام ، کرپشن کے خاتمے اور نظام مصطفےٰ کے قیام کے لیے میدان میں نکلیں اور جماعت اسلامی کے ہمسفر بنیں ۔ انشاءاللہ پاکستان کو عظیم فلاحی اسلامی ریاست بنائیں ۔