News Detail Banner

گورنرہاوس پشاور کے سامنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا

22گھنٹے پہلے

گورنرہاوس پشاور کے سامنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا

حکومت مذاکرات کی آرمیں عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے عوام کو فوری ریلیف دے۔پروفیسر محمد ابرہیم خان

امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جماعت اسلامی کے تحت چاروں صوبوں میں گورنرہاوسز اور پنجاب میں وزیراعلی پنجاب ہاؤس کے سامنے غیر معینہ مدت تک جاری رہنے والے تاریخی دھرنے دوسرے روز بھی جاری رہے۔
گورنرہاوس پشاور کے سامنے دھرنے کے دوسرے روز صوبے کے جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان اوربڑی تعداد میں عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے اور لیوی ٹیکسز کے خلاف دھرنے میں شرکت کی۔
دوسرے روز دھرنے کےآغاز سے قبل دھرنا پنڈال میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابرہیم خان نے خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کے ہمراہ
پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت مذاکرات اور اسلام آباد میں اس مسلے پر بریفنگ کی پیشکش کرکے دھرنے ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے مطالبات کی کوئی لمبی فہرست نہیں ہے کہ اس پر ہمارے اور حکومت کے مابین مذاکرات کی ضرورت ہو انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور ناجائز لیوی ٹیکسز کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔
گورنرہاوس پشاور کے سامنے دھرنے کے دوسرے روز سابق سینئر صوبائی وزیر اور شمالی پختونخوا کے امیر عنایت اللہ خان,دھرنا کے انچارج میاں صہیب الدین کاکاخیل,جماعت اسلامی خیبرپختونخوا جنوبی کے جنرل سیکرٹری محمد ظہورخٹک,سابق تحصیل ناظم و صوبائی نائب امیر عزیز اللہ خان مروت,مولانا تسلیم اقبال,مولانا سلیم اللہ ارشد,منظرمسعود خٹک سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایران اور اسرائیل جنگ کے بعد سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر قیمتیں بڑھانے کا سلسلہ پہلے ہر پندرہ روز بعد پھر ہفتہ وار اور اب روزانہ کی بنیاد پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ معمول بنالیا ہے مقررین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں جب تیل مہنگا ہوتا ہے تو حکومت فورا تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیتی ہے لیکن جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو حکومت یہ کہہ کر کمی نہیں کرتی کہ سستا تیل پاکستان پہنچنے میں وقت لگے گا لیکن جب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت اس دوران پہلے سے موجود اسٹاک بھی مہنگے داموں بیچ کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس نرخ پر تیل کی قیمتیں لائیں جو ایران اسرائیل جنگ سے قبل تھی۔مقررین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر تیل کی قیمتوں اور لیوی ٹیکسز میں عوام کو ریلیف نہ دیا تو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اسلام آباد کی طرف مارچ سے بھی دریع نہیں کریں گے