News Detail Banner

حافظ نعیم الرحمن کا حماس کے نومنتخب صدر خلیل الحیہ کو مبارک باد کا خط

1دن پہلے

حافظ نعیم الرحمن کا حماس کے نومنتخب صدر خلیل الحیہ کو مبارک باد کا خط

امیر جماعت اسلامی پاکستان کی فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی، امت کی سربلندی کے لیے دعا

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے تحریکِ مزاحمت اسلامی (حماس) کے نومنتخب صدر خلیل الحیہ کو مبارک باد کا خط ارسال کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے دعا کی ہے۔
اپنے خط میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ خلیل الحیہ کے حماس مکتب سیاسی کے صدر منتخب ہونے پر انہیں دلی مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنی اور جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے خلوص دل کے ساتھ مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم ذمہ داری ایک ایسے عظیم قائد، شہید یحییٰ السنوارؒ کے بعد آپ کے سپرد ہوئی ہے جنہوں نے فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس اعتماد اور بھاری ذمہ داری پر خلیل الحیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وہ فلسطین کے ان عظیم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پاکیزہ خون سے استقامت، صبر اور مزاحمت کی روشن داستانیں رقم کیں اور امت مسلمہ کے لیے عزت، وقار اور آزادی کی راہ ہموار کی۔
امیر جماعت اسلامی نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خلیل الحیہ کو اپنی خصوصی نصرت و تائید سے نوازے، انہیں ثابت قدمی عطا فرمائے، ان کی جدوجہد میں برکت دے اور ان کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے فتح، آزادی، عزت نفس اور ظلم و جبر سے نجات کی بھی دعا کی۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں عدل، انصاف اور امن کو فروغ دے، مظلوم انسانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا خاتمہ فرمائے اور فلسطین سمیت پوری امت مسلمہ کو سربلندی عطا کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خلیل الحیہ کی حفاظت فرمائے، ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا کرے، انہیں نیک، مخلص اور باصلاحیت رفقاء و مشیر نصیب فرمائے اور انہیں ایسے اقدامات کی توفیق دے جو فلسطین، امت مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے خیر و بھلائی کا ذریعہ بنیں۔
انہوں نے خط کے اختتام پر خلیل الحیہ کے لیے دلی احترام، نیک تمناؤں اور کامیابی کی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گی۔