News Detail Banner

کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ، ہر ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر قائم کیا جائے، حافظ نعیم الرحمن

44منٹ پہلے

کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ، ہر ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر قائم کیا جائے، حافظ نعیم الرحمن
شناختی کارڈ، مردم شماری اور ووٹر لسٹ ایک ادارے نادرا کے تحت کیے جائیں ٗ شاہ فیصل ٹاؤن میں نادرا سینٹر کاافتتاح و میڈیا سے گفتگو
کراچی کے ساتھ مردم شماری میں زیادتی کی گئی،کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے کم نہیں ہوسکتی، اصل آبادی کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے
شاہ فیصل کالونی میں جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل نادرا رجسٹریشن سینٹر کا قیام خوش آئند،میگا سینٹر میں مزید بہتری کی ضرورت ہے
سرجانی ٹاؤن میں 24گھنٹے فعال میگا سینٹر قائم ہے، آئندہ مرحلے میں کورنگی ولانڈھی میں بھی میگا نادرا سینٹرز قائم ہوں گے۔ ڈی جی نادرا عامر علی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ساڑھے تین کروڑ سے زائد آبادی کے پیش نظر شہر کے ہر ٹاؤن میں نادرا میگا سینٹر قائم کیا جانا چاہیے،تاکہ شہریوں کو بروقت اور باعزت خدمات میسر آسکیں۔شناختی کارڈ، مردم شماری اور ووٹر لسٹ تین مختلف اداروں کے بجائے نادرا کے تحت کیے جائیں تاکہ شفافیت یقینی بنائی جاسکے۔ مختلف اداروں میں یہ ذمہ داریاں تقسیم ہونے سے شفافیت متاثر ہوتی ہے اور دھاندلی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ کراچی کے ساتھ مردم شماری میں زیادتی کی گئی ہے۔ بجلی، گیس اور دیگر اعدادوشمار واضح طور پر ثابت کرتے ہیں کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے کم نہیں ہوسکتی، اس لیے شہر کی اصل آبادی کو تسلیم کرتے ہوئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔ شاہ فیصل کالونی میں تزئین و آرائش کے بعد جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل نادرا رجسٹریشن سینٹر کا قیام خوش آئند اقدام ہے، سینٹر میں شام کی شفٹ بھی فوری طور پر شروع کی جانی چاہیے تاکہ ملازمت پیشہ افراد کو بھی سہولت حاصل ہوسکے۔نادرا کے میگا سینٹرز میں بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شاہ فیصل کالونی نمبر 2،شاہ فیصل ٹاؤن میں تزئین و آرائش کے بعد نادرا رجسٹریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ڈی جی نادرا کراچی عامر علی خان نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر جماعت اسلامی ضلع ایئر پورٹ محمد اشرف، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آج سے تقریباً 7سال قبل نادرا دفاتر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، شناختی کارڈ بلاک کیے جارہے تھے اور عوام طویل قطاریں لگانے اور انتظار پر مجبور تھے، لیکن جماعت اسلامی نے ان مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کے مسائل حل ہوئے۔جماعت اسلامی ہر جائز اور عوامی مفاد کے کام میں نادرا کے ساتھ تعاون کرے گی اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہجرت کرکے پاکستان آنے والے افراد کے مسائل ابھی تک سو فیصد حل نہیں ہوسکے، جبکہ 1970ء کے بعد آنے والے بنگالی شہری، جو آج بھی پاکستان میں مقیم ہیں، ان کے مسائل بھی قانون اور انصاف کے مطابق حل کیے جانے چاہئیں،انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک ساتھی نجیب کے بچوں کی تعداد 12ظاہر کی گئی جب کہ ان کے 8بچے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض ریکارڈ کی درستگی پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔عامر علی خان نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی رجسٹریشن سینٹر میں پہلے صرف 3کاؤنٹرز تھے، جنہیں بڑھا کر 6کردیا گیا ہے، جس کے بعد یومیہ ڈھائی سو سے تین سو شہری مستفید ہوسکیں گے۔اس سینٹر سے شاہ فیصل کالونی، ڈرگ روڈ، ماڈل کالونی، رفاہ عام سوسائٹی اور گردونواح کے رہائشیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ گزشتہ 3ماہ کے دوران نادرا میں 600 نئے ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں، جس کے باعث اب ایک شہری کا رجسٹریشن یا دیگر متعلقہ عمل اوسطاً 7سے 8منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔ڈی جی نادرا نے کہاکہ سرجانی ٹاؤن میں 24 گھنٹے فعال میگا سینٹر قائم کیا جاچکا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں کورنگی اور لانڈھی میں بھی نادرا میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو مزید بہتر اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جاسکیں۔