News Detail Banner

عوام کا جینا محال ہوگیا، مہنگائی کم نہ ہوئی تو ملک گیر دھرنے ہوں گے، حافظ نعیم الرحمن

9دن پہلے

عوام کا جینا محال ہوگیا، مہنگائی کم نہ ہوئی تو ملک گیر دھرنے ہوں گے، حافظ نعیم الرحمن
حکومت پٹرول دو صد پچیس روپے لیٹر، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کرے
قوم حکمرانوں کی عیاشیوں کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مہنگائی کے خلاف بڑے احتجاجی جلسہ سے خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ پٹرول دوسو پچیس روپے لیٹر اور مہنگائی میں کمی نہ ہوئی تو ملک گیر دھرنے ہوں گے، سڑکیں جام کردیں گے۔
لاہور ، اچھرہ فیروز پور روڑ پر مہنگائی کے خلاف بڑے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر واضح کیا کہ آئی پی پی مالکان سے معاہدے ختم اور بجلی سستی کی جائے ، عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتے ، مطالبات پورے نہ ہوئے تو پوری قوم سڑکوں پر ہو گی۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر لاہور ضیاالدین انصاری ، سیکریٹری اظہر بلال سیکرٹری جنرل پنجاب وسطی بابر رشید اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے مطالبہ پر جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں مظاہرے ہوئے۔ لاہور میں ہونے والا مظاہرہ میں کارکنان جماعت اسلامی اور مردو خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔ حکمران خود کرپشن کرتے ہیں اور یہ پوری قوم پر مشکلات کے پہاڑ لاد کر انہیں بھی لوٹ مار کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ایسا نہیں ہونے دے گی، ہم قوم کو اس کا حق دلائیں گے۔ نوجوانوں سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ احتجاج کی تیاری کریں اور جب انہیں اپیل کی جائے تو اپنی موٹر سائیکلوں کو سڑکوں پر لاکر بند کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی سے فی لیٹر پٹرول پر ایک سو اٹھارہ روپے پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں وصول کررہے ہیں۔ ملک میں تنخواہ دار طبقہ اور عام آدمی ٹیکس دیتا ہے، حکمران عیاشیاں کررہے ہیں ، پنجاب کی وزیراعلیٰ نے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا ، پی ٹی آئی ممبران اسمبلی نے کے پی میں مراعات کا بل منظور کرلیا، عام آدمی کا خون نچوڑا جائے اور حکمران سرکاری وسائل کی لوٹ مار کریں ، ایسا نظام نہیں چلنے دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں بدترین گورننس ہے ، لاہور میں سترہ سڑکیں ایسی ہیں جہاں موٹرسائیکل رکشہ کے علاوہ اور کوئی عوامی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں، صوبے کا کسان پریشان ، صحت کی سہولیات ناپید ، ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، صوبے پر چالس سال سے حکمران شریف خاندان اشتہارات میں ایسے دعوے کرتے ہیں کہ جیسے پنجاب میں دودھ شہد کی نہریں بہہ رہی ہوں، مریم نواز جواب دیں کہ سکولوں کو فروخت کیوں کیا جارہا ہے اور ایک کروڑ بچے سکول کیوں نہیں جاتے؟ انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز مافیا کو ہرحکومت نے نوازا ہے، انہیں اربوں روپے اس بجلی کی مد میں دیے جارہے ہیں جو وہ پیدا ہی نہیں کرتے، یہ ظلم اب بند ہونا چاہیے، بجلی اور گیس سستی ، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ایران امریکہ جنگ سے پہلے کی حالت پر لائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مہنگائی اور ملک کی مجموعی صورتحال پر جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہفتہ کو منصورہ میں طلب کیا ہے، اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، عوام اپنے حق کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کی تیاری کریں۔
احتجاج میں نائب امراء لاہور خالد احمد بٹ ، انجینئر اخلاق ، چودہری محمد شوکت ، ملک شاہد اسلم ، وقاص احمد بٹ ، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ ، ڈپٹی سیکرٹری لاہور عامر نثار خان ، شاہد نوید ملک ، امیر جنوبی لاہور مرزا عبدالرشید ، رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ ،سردار نور احمد ڈوگر ، شیخ محمد انور ، زاہد عمران کوروٹانہ بھی موجود تھے۔