نائب امیرجماعت اسلامی و سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی کی
1دن پہلے
نائب امیرجماعت اسلامی و سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی کی
شہید رہبر آیت اللہ خامنائی کی نماز جنازہ میں شرکت۔
جماعت اسلامی پاکستان کے وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی و سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی قیادت میں تہران کے معلی امام خمینی کمپلیکس میں شہید رہبر آیت اللہ خامنائی اور ان کے خاندان کے شہدأ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وفد میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی شامل ہیں۔شہید رہبر،خاندان کے افراد اور معصوم بچے کی الگ الگ نماز جنازہ اد اکی گئی۔نماز جنازہ میں لاکھوں مرد و خواتین،نوجوانوں اور بچوں نے والہانہ عقیدت سے شرکت کی۔105ممالک کے مندوبین بھی جنازہ کے اجتماع میں شریک تھے۔اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی،شرکاء شہید رہبر کے لئے پر عزم نعرے لگاتے رہے اور مرگ بر امریکہ مرگ بر اسرائیل کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔سیکورٹی کے زمینی،فضائی اور بلڈنگزسے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔جنازہ میں شہید رہبر کے بیٹے حجتہ الاسلام مصطفےٰ خامنائی نے بھی شرکت کی۔
لیاقت بلوچ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران،قم،کربلا،بغداد اور مشہد میں ملٹی ملین سوگواران جنازہ میں شریک تھے۔رہبر شہید کی شہادت نے ایرانی قوم کو از سر نو متحد کردیا ہے۔ایران پر امریکہ و اسرائیل کی جنگ مسلط کرنے کی حکمت عملی ناکام ہوگئی ہے۔19ویں صدی میں مسلط کیا جانے والا سامراجی،استعماری نو آبادیاتی اور استحصالی سرمایہ دارانہ اقتصادی نظام گر رہا ہے۔عالمی صف بندی اور عالمی دفاعی ٹیکنالوجی اور اقتصادی منظر بدل رہا ہے۔جنگ،بارود،ڈرون،اسلحہ کے اندھا دھنداستعمال سے اقوام کی آزادی چھیننے اور استعماری بالا دستی کا ہر حربہ بے نقاب ہوگیا،دنیا بھر کے عوام بیدار ہوگئے ہیں۔عالمی محاذ پر عالم اسلام کا اتحاد ہی دنیا میں توازن اور انسانوں کے لئے خیر کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہیں۔ہمارے درد،غم اور خوشیاں سانجھی ہیں۔رہبر کی شہادت پر ہر پاکستانی غم زدہ ہے اور ایرانی قوم کے غم کو اپنا غم سمجھتا ہے۔امریکہ و اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان نے جنگ بندی،ثالثی،باہمی رضا بندی کے معاہدے اور مستقل جنگ بندی کے لئے مخلصانہ اور ایمانی فرض کے مطابق کردار ادا کیا ہے۔مستقبل میں پاکستان ایران کے درمیان ہر محاذ،معاہدہ پر عملدرآمد دونوں ملکوں کے عوام اور خطے کے لئے خوشگوار مثبت اثرات پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی،قبلہ اول کی بازیابی عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے۔اسرائیل کا وجود ناسور ہے۔پوری دنیا کو عالمی امن کے لئے اسرائیل کے دہشت گرد وجود کو ختم کرنا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے مجمع بین المذاہب تقریب کے سربراہ آیت اللہ شہرباری سٹاف سے ملاقات کی اور اسلامی تہذیب و ثقافت،ہم آہنگی اور اتحاد اسلامی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔



