آل زرداری اور آل شریف کی کرپشن کے قصے زبان زد عام ہونے کے باوجود انہیں ملک پر مسلط کردیا گیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی
44منٹ پہلے
آل زرداری اور آل شریف کی کرپشن کے قصے زبان زد عام ہونے کے باوجود انہیں ملک پر مسلط کردیا گیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی
جعلی پارلیمنٹ،حکومت اور وزیر اعظم عوام کی زندگیوں سے کھلوار کر رہے ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا منصورہ میں ”بدل دو نظام،کیوں اور کیسے؟“ کے عنوان سے منعقدہ مذاکرہ سے صدارتی خطاب
مذاکرہ سے حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ،ذکراللہ مجاہد اور پنجاب وسطی کے سیکریٹری ڈاکٹر بابر رشیدنے بھی خطاب کیا
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ ملک کو بندوق کی نوک پر چلایا جارہا ہے۔ قومی وحدت،یکجہتی اور ملکی سا لمیت کے ضامن آئین کو پامال کرنے والے گرفت میں ضرور آئیں گے۔جعلی پارلیمنٹ،جعلی حکومت اور وزیر اعظم آئین و قانون کا مذاق اڑاتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔عام آدمی کو تعلیم صحت،انصاف اور روز گار میسر نہیں۔جماعت اسلامی پرامن جمہوری راستے سے ملک میں تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے۔جاگیر داروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے دولت کے بل بوتے پر اقتدار پر قبضہ کرکے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ”بدل دو نظام،کیوں اور کیسے؟“ کے عنوان سے منعقدہ مذاکرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔مذاکرہ سے حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ،ذکراللہ مجاہد اور پنجاب وسطی کے سیکریٹری ڈاکٹر بابر رشیدنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ناظم تربیت حافظ سیف الرحمن اور ڈاکٹر عنایت الرحمن بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ تمام مسائل اور مشکلات کی جڑ جعلی حکومت ہے۔ عوام اپنا حق حکمرانی چھینے جانے پر نفرت اور مایوسی کا اظہار کررہے ہیں۔جعلی کرپٹ اور بدیانت حکمرانوں کے خلا ف عوام کے اندر ایک لاوہ پک رہا ہے جو کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔عوام اپنی تباہی اور بربادی کے اصل ذمہ داروں کوجان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ چہروں کی تبدیلی نہیں بلکہ اس فرسودہ اور استحصالی نظام کا خاتمہ ہے جس نے عوام سے ان کی آزادی چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران نظریہ پاکستان سے دشمنی پر اتر آئے ہیں،کالجوں یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں سے نظریاتی طلبہ تحریکوں کو ختم کرنے پر تلے بیٹھے ہیں مگر قابض حکمرانوں کے یہ سارے ہتھکنڈے ناکام ہونگے اور پاکستان نظریاتی اسلامی شناخت کے ساتھ قائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی بقا اور
سا لمیت کی جنگ لڑ رہی ہے۔
ڈاکٹراسامہ رضی نے کہا کہ ایک نظریاتی اور عوامی تحریک کے ذریعے پاکستان تو بن گیا مگر انگریز کی پروردہ بیوروکریسی اور جاگیرداروں اور وڈیروں نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ملک کے اقتداراعلیٰ پر آج تک عوام کے حق کو تسلیم نہیں کیا گیا۔آئین کو بار بار پامال کیا گیاا ور عدالتی نظام کو بے وقعت کرکے مسمار کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی خود کو عوام کا خادم سمجھنے کی بجائے حاکم سمجھتی ہے اور کسی عدالت کے سامنے خود کو جواب دہ نہیں سمجھتی۔
مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور منہ زور بیوروکریسی نے ہمیشہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے مفادات پورے کرنے کے لئے عوامی امنگوں کا خون کیا۔بیوروکریسی کو مقتدر طبقہ نے جمہوری جدوجہد کو پامال کرنے کے لئے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کے رستے کی رکاوٹوں کوبڑی عوامی تحریک کے ذریعے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ مشرق و مغرب اور یورپ میں اسلام کے قدم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ جاگیرداروں اور وڈیروں کی سرپرستی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نظریاتی تحریکوں اور جمہوری جدوجہد کو دبانے والے جان لیں کہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جاسکتا ہے مگر نظریہ کبھی نہیں مرتا۔نظریہ زندہ رہتا ہے اور انقلاب اپنا رستہ خود بناتا ہے۔نظریہ پاکستان سے بے وفائی کرنے والے ملک و ملت کے خیر خواہ نہیں بلکہ قوم کے مجرم ہیں۔



