عالمی مارکیٹ میں تیل جنگ سے پہلے کی سطح پر آچکا، پاکستان میں عوام کو اب بھی مہنگا فیول فراہم کیا جا رہا ہے: حافظ نعیم الرحمن
4دن پہلے
عالمی مارکیٹ میں تیل جنگ سے پہلے کی سطح پر آچکا، پاکستان میں عوام کو اب بھی مہنگا فیول فراہم کیا جا رہا ہے: حافظ نعیم الرحمن
پٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر کی جائے، پٹرولیم لیوی ختم اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے
اسلام آباد، 2 جولائی 2026ء: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس آنے کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان کے عوام کو اب بھی مہنگا فیول فراہم کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت فوری طور پر کم کرکے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مفادات کے بجائے عوام کے مفادات کا تحفظ کرے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں، لہٰذا اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی نظر آنے چاہییں تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف حاصل ہو۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت تمام ضروریاتِ زندگی کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر واپس لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کرے جن کا محور عوامی فلاح ہو، نہ کہ چند کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عوام مزید بوجھ اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچائے اور مہنگائی میں کمی کے لیے فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔



