News Detail Banner

کراچی کی تباہی و بربادی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

6گھنٹے پہلے

کراچی کی تباہی و بربادی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
ایم کیو ایم ختم ہو چکی، اب اسٹبلیشمنٹ کی اے پلس ٹیم پیپلز پارٹی سے بھی جان چھڑانی ہے، چاندنی چوک میں ممبر شپ ڈرائیو کیمپ کا دورہ و خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ضلع کیماڑی کے تحت سعید آباد چاندنی چوک بلدیہ ٹاؤن میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی و بربادی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم برابر کی شریک ہیں، ایم کیو ایم آج بھی وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ماضی میں بھی ہر حکومت میں شریک رہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ ایم کیو ایم کئی حصوں میں تقسیم ہو کر ختم ہو گئی ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کا کوئی مستقبل نہیں،اب اہل کراچی کو وڈیروں و جاگیرداروں اور اسٹبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم پیپلز پارٹی سے بھی جان چھڑانی ہے، پیپلز پارٹی نے اسٹبلشمنٹ کا سہارا لے کر جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا اور کراچی کی میئر شپ پر قبضہ کیا، آج بلدیہ ٹاؤن میں بھی قابض مسلط ہیں اور کوئی عوامی کام نہیں ہو رہا جبکہ وسائل موجود ہیں، جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، بلدیہ ٹاؤن کی حالت دیکھی جائے اور ہمارے ٹاؤن کو دیکھا جائے فرق بالکل واضح ہے، ممبر شپ کیمپ سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، امیر ضلع کیماڑی مولانا فضل احد و دیگر نے بھی خطاب کیا، بلدیہ ٹاؤن آمد پر حافظ نعیم الرحمٰن کا شاندار استقبال کیا گیا، شہریوں نے جماعت اسلامی کے ممبر شپ فارم بھرے، حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ حکومت اب بھی فی لیٹر پیٹرول پر ٹیکس سے اربوں روپے وصول کر رہی ہے اور پیٹرول استعمال کرنے والا ہر فرد یہ ٹیکس ادا کر رہا ہے، حکومت امیروں، وڈیروں، جاگیرداروں اور مراعات یافتہ طبقات پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عام آدمی پر ڈال رہی ہے، تنخواہ دار طبقے سے 700ارب سے زائد روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ وڈیروں، جاگیرداروں نے صرف 12ارب روپے ٹیکس جمع کروایا، یہ ظلم اور جبر کا نظام ہے جس نے عام آدمی کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے، ظالموں کا ایک ہی طبقہ ہے جو مختلف پارٹیوں میں شامل ہو کر غریب عوام، کسان اور ہاریوں کا استحصال کرنا ہے، عوام پر ظلم و جبر کے اس نظام کو مسلط کرنے میں تمام حکمران پارٹیاں ملوث ہیں، ان کو عوام کے مسائل اور تکالیف سے کوئی سرو کار نہیں ہے، صرف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوام کی حقیقی اور توانا آواز ہے، جماعت اسلامی کراچی اور اندرون سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کے حق اور عوام کو حکمرانوں کے مسلط کردہ ظالمانہ نظام سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی کی بدل دو نظام تحریک اور ممبر شپ مہم اس جدو جہد کی ایک کڑی ہے، عوام بالخصوص نوجوان، جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ممبر بنیں اور قوت بنیں تاکہ ظالم حکمرانوں سے اپنا حق لے سکیں۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی جڑ صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہے۔ عوام پانی،بجلی اور گیس، ٹرانسپورٹ جیسی سہولیات سے محروم ہیں۔ پیپلز پارٹی ہو یا ایم کیو ایم یہ سب دھوکا دہی سے کام کرتے ہیں۔اقتدار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کا منشور صرف اور صرف کرپشن ہے۔ عوام کے لیے سوائے تاریکی وپریشانی کے کچھ نہیں ہے۔ اب ہم سب کو صرف اور صرف امانت دار قیادت کو اقتدار میں لانا ہوگا۔ مولانا فضل احد نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں 13 یوسیز ہیں، ہر یوسی کرپشن کا شاہکار ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کے چیئرمین کرپشن کے ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔بلدیہ ٹاؤن کے مسائل کے حوالے سے عاشورہ کے بعد مہم چلائی جائے گی۔