*پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی شکل میں وڈیرے اور جاگیردار کراچی کے وسائل پر قابض ہیں ،حافظ نعیم الرحمن*
2دن پہلے
پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی شکل میں وڈیرے اور جاگیردار کراچی کے وسائل پر قابض ہیں ،حافظ نعیم الرحمن
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر شہر کو تباہ و برباد کیا ہے،نارتھ کراچی و گڈاپ میں ممبر شپ ڈرائیو کیمپوں کا دورہ و خطاب
عالمی منڈی میں کمی کے باوجود اب بھی پیٹرول مہنگا ہے ، پیٹرول کی قیمت 225روپے فی لیٹر فکس ، لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے
*حافظ نعیم الرحمن کا یوپی موڑ اور لاسی گوٹھ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، آتش بازی بھی کی گئی
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی شکل میں وڈیرے اور جاگیردار کراچی کے وسائل پر قابض ہیں اور شہر کی ترقی کے لیے کچھ خرچ نہیں کرتے۔ کراچی 40 سال سے عذاب کا شکار ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے شہر کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ بھتہ خوری، بوری بند لاشوں سے شہر کی شناخت بگاڑی گئی ، سپریم کورٹ نے 259 افراد کو زندہ جلانے والے قاتلوں کو بری تو کردیا لیکن ان کے گھرانوں کو انصاف نہ مل سکا ،اعتراف جرم میں ایک فرد کا یہ بیان موجود ہے کہ میں نے ایسا گناہ کیا ہے کہ مجھے نیند نہیں آتی۔ اسٹبلشمنٹ بھی بتائے کہ اسے آخر بھتہ خور، سسٹم چلانے والے اور کرپشن ہی کیوں پسند ہے۔ اسٹبلشمنٹ کے لوگوں کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی جیسے لوگ کیوں پسند نہیں آتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کی شب یوپی موڑ نارتھ کراچی ضلع شمالی اور لاسی گوٹھ بھٹائی چوک ضلع گڈاپ میں جماعت اسلامی کے تحت جاری ملک گیر ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوپی موڑ نارتھ کراچی ممبر شپ ڈرائیو کیمپ سے امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، سیکریٹری ضلع شکیل احمد، قاری محمد احمد ، اکبر قریشی اور احمر خان نے بھی خطاب کیا، جبکہ ضلع گڈاپ میں ممبر شپ ڈرائیو کیمپ سے امیر ضلع عرفان احمد ، نائب امیر خالد صدیقی ، سیکریٹری ضلع ابو الخیر ،پبلک ایڈ کمیٹی کے ابو ضیاء پرویز ،ناظم علاقہ عبد الستار برفت نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن کا نارتھ کراچی اور لاسی گوٹھ پہنچنے پر پُر جوش نعروں سے شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، آتش بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے شہریوں کو ممبر شپ فارم بھرواکر جماعت اسلامی کا ممبر بنایا جن میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے سوا کسی پارٹی نے بھی آواز نہیں اُٹھائی۔ جماعت اسلامی پورے ملک میں واحد توانا آواز تھی جس کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہوئی۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود اب بھی پیٹرول مہنگا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 225روپے فی لیٹر کی جائے اور لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ ایران و امریکہ جنگ کے وقت پیٹرول کی قیمتیں 260 کے قریب تھیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اشیائے خورد و نوش سمیت تمام اشیاء پر ٹیکس دے رہے ہیں۔حالات کی بہتری کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنے اور اپنے سروں پر سے جاگیرداروں اور وڈیروں کو ہٹانے کی ضرورت ہے ،کراچی کے عوام ایسے لوگوں کو اپنی صفوں میں شامل نہ ہونے دیں جو شہریوں کا استحصال کرتے ہیں۔کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں ،کراچی کی آواز بنیں ، ایک قوت بنیں۔ جب انتخابات کا موقع آئے تو اپنے مینڈیٹ کی حفاظت بھی کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے اختیارات و وسائل نہ دیے جانے کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نامساعد حالات میں کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے نمائندے کام کرتے ہیں تو قابض مئیر کو پریشانی ہو جاتی ہے۔ ہمارے ٹاؤن چیئر مینوں کی کارکردگی قابض میئر کی کارکردگی سے کہیں زیادہ بہتر ہے ، طارق مجتبیٰ نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے پورے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف تحریک چلائی۔ حکومت پیٹرول میں لیوی کی مد میں ہزاروں ارب روپے وصول کررہی ہے۔ آئی پی پیز سالانہ اربوں روپے عوام سے لوٹ رہی ہیں۔ امیر ضلع گڈاپ عرفان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی جدو جہد کے باعث ہی حکومت کچھ آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ کر نے پر مجبور ہوئی جس سے 90 ارب روپے سے زائد کا عوام کو ریلیف ملا ۔دورے کے موقع پر یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔



