News Detail Banner

نوجوان تیاری کریں، عوامی حقوق کے لیے جلد بڑی تحریک کا آغاز ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

7گھنٹے پہلے

نوجوان تیاری کریں، عوامی حقوق کے لیے جلد بڑی تحریک کا آغاز ہوگا، حافظ نعیم الرحمن

حکومت کو پٹرول، بجلی ، گیس پر ظالمانہ ٹیکس واپس لینا پڑے گا،

عوام کو دبانے، غداری کے سرٹیفیکیٹ دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا ملک بھر کے نوجوانوں سے آن لائن خطاب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرول، بجلی ، گیس پر ظالمانہ ٹیکسز واپس لینا پڑیں گے، ملک بھر کے نوجوان حقوق کے حصول کے لیے بڑی تحریک کی تیاری کرلیں، ایک دو روز میں بجٹ کے جائزہ کے بعد اہم اعلان کریں گے، ملک کو امریکی ایجنٹوں سے نجات دلائی جائے گی۔
منصورہ سے ملک بھر کے نوجوانوں کو آن لائن خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں جب بھی انقلاب آیا، اس میں نوجوانوں نے بنیادی کردار ادا کیا۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گی ، انہیں جلد آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔ نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور معاون خصوصی امیر جماعت اسلامی عمیر ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اب وقت ضائع نہیں کیا جائے گا، عوام کے مسائل کے حل کے لیے بڑی جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی تبدیلی کی تحریکیں اٹھیں، نوجوان ان کا اہم حصہ رہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب انقلاب لے کر آئے تو آپؐ کے ساتھ نوجوانوں کا ایک عظیم دستہ تھا جس نے علم، دعوت، تعلیم، فقہ اور ہر میدان میں کردار ادا کیا۔ یہ تحریک مکہ سے مدینہ اور پھر پورے عرب تک پھیلی، اس کے کارکنوں نے قربانیاں دیں مگر مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے ایسے وقت میں جماعت اسلامی قائم کی جب سامراجی قوتیں غالب تھیں اور دنیا میں سرمایہ دارانہ اور سوشلسٹ نظام اپنی پوری قوت کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام صرف عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل نظام زندگی ہے جو عدل اور انسانیت کی فلاح کا پیغام دیتا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک پر بدترین حالات مسلط ہیں، عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے گئے مگر انہی نعرہ لگانے والوں اور ہمنوا پارٹیوں نے عملی طور پر عوامی اختیار کو کمزور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، حتیٰ کہ یونیورسٹیوں میں طالبات کے لیے واش رومز جیسی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کی جا رہیں۔ ملک میں ایسا نظام قائم ہے جس میں عوام مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے مسائل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ ایک موٹرسائیکل چلانے والا بھی ایک لٹر پٹرول پر بھاری ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ حکومت لیوی کی مد میں اربوں روپے وصول کر چکی ہے، لیکن عوام کو اس کے بدلے سہولیات نہیں مل رہیں۔ ایک سال میں آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، ایسے میں عوام کے لیے بجٹ میں کیا بچتا ہے؟ تنخواہ دار طبقہ بھاری ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقات کا حصہ اس کے مقابلے میں کم ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کرپشن کے مسائل موجود ہیں، عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور بڑی تعداد میں متحرک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی تنظیم سازی کرے گی، گاؤں، محلوں اور یونین کونسل کی سطح پر یوتھ انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ ایسے نوجوان آگے آئیں جو عوام کی فلاح کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں کامیاب ہونے والوں کے ساتھ ساتھ دیگر امیدواروں کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔
نوجوانوں کے سماجی مسائل پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ منشیات کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے، حکومتی رپورٹس کے مطابق لاکھوں نوجوان اس کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف صرف وعظ نہیں بلکہ عملی جدوجہد اور تحریک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صرف سڑکوں پر نعرے لگانے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنی عملی زندگی میں دین، اخلاق اور کردار کو اختیار کریں۔ روزانہ قرآن پاک کا مطالعہ کریں اور سیرت النبیؐ کو سمجھیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بنو قابل پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر سکھائے جائیں گے، اخلاقی تربیت دی جائے گی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ جماعت اسلامی ہر ضلع اور ہر سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی کرے گی۔
آزاد کشمیر کی صورتحال پر ایک سوال کے حواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان اور ملک کے تمام علاقوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔ مسائل کو دبانے، گولیاں چلانے ، غداری کے سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے یا لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے سے مسائل ختم نہیں ہوتے، بلکہ انصاف اور عوامی شمولیت سے حل نکلتا ہے۔ پاکستان ہر علاقے میں رہنے والوں کا ہے، ظالم نظام کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔