پاکستان کے خطہ میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی، حافظ نعیم الرحمن
1دن پہلے
پاکستان کے خطہ میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی، حافظ نعیم الرحمن
عالمی پذیرائی کے ثمرات کو سمیٹنے کے لیے ضروری ہے ملک میں سیاسی استحکام ہو
پچیس اپریل تا دس مئی ممبرسازی مہم چلائی جائے گی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا سیاسی کمیٹی سے خطاب
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایران،امریکہ-اسرائیل عارضی جنگ بندی معاہدہ کے بعد پاکستان کی دنیا بھر میں تحسین ہورہی ہیں تاہم عالمی سطح پر ملنے والی پزیرائی کے ثمرات کو موثر طریقے سے سمیٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو۔ پاکستان کے خطہ میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کے قیام کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی ہے، حکومت اور ادارے اس معاملہ پر بھی غور کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں قائم جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی، پروفیسر محمد ابراہیم، مشیر امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید پراچہ، امیر پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر پنجاب جنوبی سید ذیشان اختر، امیر لاہور ضیا الدین انصاری، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر خیبر پختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، امیر وسطی عبدالواسع، امیر ہزارہ عبدالرزاق عباسی، مغفرت شاہ، عتیق الرحمن، ارسلان خان خاکوانی اور عمران فاروق نے شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی نے پچیس اپریل تا دس مئی تک ممبرسازی مہم شروع کرنے اور ملک بھر میں عوامی کمیٹیوں کے قیام کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے پنجاب میں موثر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسرِ نو منظم کرنے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کے ممکنہ امیدواران کی فہرست کی تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران شدت اختیار کررہا ہے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت فی الفور بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، پٹرول پر لیوی کو ختم کیا جائے اور آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگی بند کرکے ان سے کیے گئے مہنگے معاہدے ختم کیے جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹا کسان پس چکا ہے، حکومت گندم کی خریداری کسانوں کے مطالبات کے مطابق یقینی بنائے۔ انہوں نے صوبہ میں زراعت کی تباہی اور زرعی ادویات، کھاد اور بیجوں کی انتہائی مہنگے داموں دستیابی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی اشتہارات کی حد تک ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ میں وڈیرہ شاہی اور ظالمانہ نظام اور کراچی پر قابض میئر سے جان چھڑانا ہوگی۔ جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے تحریک جاری رکھے گی۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں قیام امن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سٹیک ہولڈرز سے مل کر امن کو یقینی بنائیں۔ عوام کو ان کے حقوق دیے جاہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کو غزہ کے بعد ایران میں بھی ہزیمت اتھانا پڑی۔ عالمی براداری دو ہفتوں کے سیز فائر معاہدہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور اسرائیل کو لبنان پر بمباری سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی تمام منصوبوں کے باوجود ایران میں حکومت کا تختہ نہیں الٹا جاسکا اس کی وجہ یہ ہے کہ ایرانی حکومت کی جڑیں عوام میں ہیں۔



