حافظ نعیم الرحمن کا پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان
2گھنٹے پہلے
حافظ نعیم الرحمن کا پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان
وحشیانہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ہڑتال ہوگی، وزرائے اعلیٰ ہاوسز کا گھیراؤ کریں گے
فارم سنتالیس سے مسلط حکمران عوام کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنی عیاشیاں ختم کریں
عوام زبردست احتجاجی تحریک کے لیے تیار ہوجائیں، امیر جماعت اسلامی کا عوامی کمیٹیز کنونشن اور مظاہرہ سے خطاب
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو جماعت اسلامی ملک گیر احتجاجی تحریک چلائے گی،چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کا گھیراؤ کیا جائے گا اور پورے پاکستان میں ہڑتال کی جائے گی، عوام زبردست تحریک کی تیاری کرلیں۔
منصورہ میں وسطی پنجاب کے عوامی کمیٹیز کنونشن اور ملتان روڑ لاہور پر پٹرولیم مصنوعات کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ حکومت عام آدمی سے فی لیٹر پٹرول پر دوسو روپے سے زائد ٹیکس وصول کررہی ہے،عوام کا خون نچوڑنے کا ظالمانہ اور وحشیانہ اقدام کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی جائے۔
کنونشن سے نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حافطُ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران عالمی سطح پر جاری بحران کا بہانہ بنا کر عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن جب عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت پچاس ڈالر فی بیرل تھی تو کیا اس وقت قیمتوں میں کمی کی گئی تھی؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ حالات میں حکمرانوں کی عیاشیوں اور مراعات میں کوئی کمی آئی ہے؟ مریم نواز نے گیارہ ارب کا جہاز لے لیا، چیئرمین سینٹ کے لیے نوکروڑ کی گاڑی خرید لی گئی، پنجاب میں افسر شاہی کے لیے اربوں کی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ حکمران مفت پٹرول اور بجلی استعمال کررہے ہیں، صدر پاکستان، وزیراعظم بیسیوں گاڑیوں کے پروٹوکول میں سفر کرتے ہیں۔ آئی پی پیز کو بجلی پیدا نہ کرنے کے باوجود اربوں روپے ادا کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دہائیوں سے مسلط طبقہ وسائل پر قابض ہے،اس نظام کو بدلنا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی میں نورا کشتی جاری ہے، اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد سے ایک پنجاب پر دوسری سندھ پر قابض ہے۔ یہ دونوں پارٹیاں فارم سنتالیس کی پیداوار ہیں، عوام نے انتخابات میں انہیں مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے پنجاب میں بہتر گورننس کے دعوؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز سے سوال کیا کہ بتایا جائے صوبہ میں کروڑوں بچے سکولوں سے باہر کیوں ہیں؟ مریم نواز سے پہلے ان کے چچا اور والد پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے، سب نے نوجوانوں کو جاہل رکھنے کا منصوبہ پروان چڑھایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں حالات سے مایوس لاکھوں نوجوان نشہ کے عادی بن چکے ہیں۔ حکمران قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ سندھ میں ڈاکو راج ہے۔ عوام کو انصاف نہیں ملتا۔ سندھ کی بیٹی ام رباب کو انصاف نہیں ملا، جاگیرادار جیت گئے، عدالت ہار گئی۔ انہوں نے ام رباب کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور پورے ملک کی عوام ان کی جدوجہد کے ساتھ ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکہ دہشت گرد اور انسانیت کا قاتل ملک ہے۔ امریکی سرپرستی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی۔ اب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکہ جنگ ہار چکا ہے، یہ زوال کا شکار ہے۔ پاکستان کے حکمران اور نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیاں بشمول پی ٹی آئی ٹرمپ کی مذمت کرنے سے گھبراتی ہیں، ان کا خیال ہے کہ ٹرمپ کی خوشنودی اور آشیر باد سے ہی یہ پاکستان کی حکمرانی کی مسند پر براجمان رہ سکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے حکمرانوں پر زور دیا کہ ٹرمپ کی خوشامد کے چکروں سے نکلیں، پاکستان ٹرمپ کے مجوزہ غزہ امن بورڈ کا حصہ نہ بنے، اس بورڈ کا حصہ ہوتے ہوئے پاکستان ایران، امریکہ جنگ پر مصالحت نہیں کراسکتا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی اور سیاسی پارٹی کھل کر ٹرمپ کی مذمت نہیں کرتی، ہمارا کہنا ہے کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اس کا جو یار ہے وہ قوم کا غدار ہے۔ صرف جماعت اسلامی ہی پاکستانیوں کو حقیقی آزادی دلا سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے عوامی کمیٹیوں کے ممبران پر زور دیا کہ گلی محلوں اور دیہاتوں میں جماعت اسلامی کا پیغام عام کریں، عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسلط طبقات سے نجات دلانے کے لیے ایک مضبوط اور منظم تحریک کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی سے وابستہ افراد عوام کو اس عظیم جدوجہد کے لیے تیار کریں۔


