دہلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین کو سزا دے کر انصاف کا قتل کیا، حافظ نعیم الرحمن
3دن پہلے
دہلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین کو سزا دے کر انصاف کا قتل کیا، حافظ نعیم الرحمن
بھارت کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری خواتین مزاحمت کی علامت ہیں، امیر جماعت اسلامی پاکستان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مقبوضہ کشمیر کی حریت رہنما آسیہ اندرابی کو بھارتی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ آٹھ برس سے قید کشمیری خواتین غاصب بھارت کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالت نے انصاف کا قتل کرتے ہوئے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو تین مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی، جو نہ صرف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسیہ اندرابی کی قریبی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو بھی 30، 30 سال قید کی سزا دی گئی ہے، جو بھارتی ریاستی جبر کی بدترین مثال ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیری عوام اور قیادت کی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی جدوجہد اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر زیادہ موثر اور متحرک سفارت کاری کرے۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات یا وعدوں پر انحصار کرنے کے بجائے خود مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرے۔
یہ بیان امیر جماعت اسلامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیا۔



