پی ٹی آئی نے معاشی اور نظریاتی طور پر ملک کو تباہ کیا،سراج الحق
3سال پہلے
لاہور 12 جولائی2021 ئ
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ جب حکمران سوداگر بن جائیں اور ذاتی مفادات پر قومی ترجیحات قربان ہونے لگیں تو ملکی خود انحصاری کی منزل کا حصول ناممکن ہے ۔ 73 برسوں سے قوم کے ساتھ دھوکہ ہورہاہے ۔ سیاسی جماعتیں فیملی کلبز اور ون مین شو بن کر رہ گئی ہیں ۔ ہر الیکشن دھاندلی کی نذر ہو جاتا ہے ۔ معیشت اور سیاست کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنا ہوگا ۔ جب تک آئی ایم ایف اور غیر ملکی آقاﺅں سے نجات حاصل کر کے معیشت کو اسلامی نہیں بنایا جاتا ، ملک قرضوں کے چنگل سے آزادی حاصل نہیں کر سکتا ۔ چھوٹے کسان اور دیہاڑی دار مزدور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بے روزگاری کے عذاب سے گزر رہی ہے ۔ تین سالوں میں ہی پی ٹی آئی کے وعدے ، دعوے اور نعرے، سب خاک ہو گئے ۔ الیکشن سے زر اور زور کا کلچر ختم ہونا چاہیے ۔پاکستانی قوم ایک زندہ دل قوم ہے ، حالات کی درستگی کے لیے خود آگے بڑھنا ہوگا ۔ مومن حالات کا شکوہ نہیں کرتا بلکہ انہیں درست کرنے کے لیے جدوجہد کرتاہے ۔ مایوسی اور ناامیدی کفر ہے ۔ ہم سب کو مل کر پاکستان میں اس نظام کے نفاذ کے لیے محنت کرنا ہوگی جس کے لیے ہمارے آباﺅ اجداد نے انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کی ۔ عوام جماعت اسلامی کو موقع دیں ، ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت کو ضلعی کارکردگی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔ انہوں نے تحریک اسلامی کے ذمہ داران اور ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ قرآن و سنت کا پیغام ضلع کے کونے کونے تک پھیلائیں ۔
سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی نے معاشی اور نظریاتی طور پر ملک کو تباہ کیا اور سابقہ حکمرانوں کی پالیسیوں کو تقویت دی ۔ تین سال گزرنے کے باوجود حکمران اب تک بے سمت ہیں ۔ اداروں میں ریفارمز لائی جاتیں تو حالات قدرے بہتر ہوتے ۔ پی ٹی آئی نے تعلیمی نصاب ایک کرنے کی بات کی مگر تاحال اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ انہو ں نے واضح کیا کہ قوم کوئی بھی ایسا نصاب تعلیم قبول نہیں کرے گی جو ملک کے نظریہ اور قوم کے اجتماعی شعور کی نفی کرتا ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کورونا کی چوتھی لہر کی لپیٹ میں ہے ۔ پی ٹی آئی ہسپتالوں ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو تمام سہولیات فراہم کرے اور صحت کے شعبہ پر مکمل توجہ مرکوز کرے ۔
امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک کوتنہائی کاشکار کیا۔ کشمیر پر پسپائی اختیار کر کے اسے پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کردیا ۔ حکمرانوں کو ذہن میں رکھناچاہیے کہ کشمیر کا سودا ملکی خود مختاری کا سوداہے ۔ کشمیر کو کنٹرول کر کے بھارت پاکستان کو بنجر بنا دے گا ۔انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنے مسائل کے حل کے لیے کوشش کرناہوگی ۔ اس وقت دنیا میں ہر جگہ مسلمان ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ اسلاموفوبیا عروج پر ہے ۔ کشمیر و فلسطین کے مسلمان دہائیوں سے ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں مگر عالمی برداری خاموش تماشائی کا کردار اد ا کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسلامیان پاکستان کشمیر ی اور فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انشاءاللہ ایک روز آزادی کا سورج دونوں سرزمینوں پر طلوع ہوگا ۔ امیر جماعت نے کہاکہ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغانیوں کے جذبہ ایمانی کی وجہ سے ممکن ہوئی ۔ ثابت ہوگیا کہ دنیا کی کوئی طاقت مومن کی جرا ¿ت ایمانی کا سامنا نہیں کر
سکتی ۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی دنیا کو اپنے وسائل مسلمانوں کی فلاح و بہبود ، ترقی و تعلیم اور غربت کے خاتمے کے لیے صرف کرنے کی ضرورت ہے ۔
سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اسی صورت میں ممکن ہے جب یہاں شفاف الیکشن ہوں گے اور جمہوریت قرآن و سنت کے تابع ہوگی ۔ الیکشن ریفارمز کا ایک جامع ڈرافٹ تیار کیاہے ۔ سیاسی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر متحد ہو ناچاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں پرامن اسلامی جمہوری انقلاب چاہتی ہے ۔ اقتدار میں آ کر صحت ، تعلیم ، صنعت ، زراعت و دیگر شعبوں میں بنیادی ریفارمز لائیں گے ۔ انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جائے گا ۔ سکولوں میں بہترین نصاب دیں گے اور انصاف لوگوں کو ان کی دہلیز پر ملے گا