News Detail Banner

بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بناسکتی ہے،لیاقت بلوچ

2سال پہلے

لاہور 12 جولائی2021 ئ

    نائب امیر جماعت اسلامی، ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے جامعہ عروةالوثقٰی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی اور اتفاق کیا کہ بعض عناصر غیرذمہ دارانہ رویہ سے فرقہ پرستی اور انتہا پسندی کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔ پاکستان کی غالب اکثریت اتحاد، وحدت اور یکجہتی پر ایمان و یقین رکھتی ہے۔ یکم اگست کو اتحادِ امت قومی مشاورت کا اجلاس بلاکر لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کی سپریم کونسل کا اجلاس 5 اگست کو مجلس وحدت مسلمین کی میزبانی میں منعقد ہوگا، تمام ممبر جماعتوں کے سربراہ اِس اہم اجلاس میں شریک ہونگے۔

    لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ میں بلوچستان کے شرکاءسے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے۔ بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بناسکتی ہے۔ وفاق کی مقتدر قوتوں نے بلوچستان کے عوام اور نوجوانوں کو بائی پاس کرکے سرداروں، مفاد پرستوں، کرپٹ گروہوں کی سرپرستی کرکے بلوچستان کے عوام کو حقوق، تعلیم، صحت کی سہولیات اور روزگار سے محروم کردیا۔ بلوچستان میں ہر دور کے حکمرانوں نے بیانات، تقریروں، وعدوں کی بھرمار کردی لیکن عملدرآمد نہیں کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے اعلانات بھی باقی سب اعلانات اور وعدوں کی طرح ہوا میں تحلیل ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں ناراض اور پریشان لوگوں کی ناراضگی کے ازالہ کے لیے لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، سی پیک کے ثمرات سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے اور بات چیت کے لیے قومی جرگہ تشکیل دیا جائے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل پر بیک وقت توجہ دی جائے۔

    لیاقت بلوچ نے معززین کی عصرانہ تقریب میں کہا کہ افغانستان میں طالبان افغان عوام و امریکہ کے مقابلہ میں سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی، عسکری طاقت کے اعتبار سے کسی مقابلہ میں نہیں تھے، لیکن ایمانی قومی غیرت، اغیار کی غلامی کو قبول نہ کرنے اور اپنی سرزمین کے چپہ چپہ کی حفاظت کے جذبہ نے افغان عوام کو سرخرو کردیا۔ افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی پورے خطہ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ تمام عالمی سازشوں کے مقابلہ میں افغان قیادت کو فتح مکہ ڈاکٹرائن اختیار کرنا ہوگا۔ تمام سازشوں کو باشعور افغان قیادت اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔ پاکستان کے عوام اسلام اور افغان عوام کے ساتھ ہیں۔