News Detail Banner

امیر جماعت اسلامی کی ژوب دہشت گردی واقعہ کی مذمت، مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

16گھنٹے پہلے

واقعہ صوبائی و نسلی تعصبات پھیلانے کی سازشوں کی کڑی ہے، حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے، حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان میں مسلح افراد کی جانب سے بس مسافروں کے قتل کے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔
منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گردی واقعہ میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کر کے انھیں کیفرکردار تک پہنچائے۔انھوں نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے اضلاع ژوب اور لورالائی کے درمیان قومی شاہراہ پر مسافربسوں پر سوار نو نہتے افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ ژوب دہشت گردی واقعہ صوبائی و نسلی تعصبات پھیلانے کی گھناؤنی سازشوں کی کڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام ہورہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خفیہ ادارے دیگر مشاغل چھوڑ کر اپنی اصل ذمہ داری ادا کریں تو بھی دہشت گردی پر خاصی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔