News Detail Banner

سیاسی کارکنان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ان کے خلاف طاقت کا اندھا استعمال ناقابلِ قبول ہے، مظاہرین پر ریاست اور حکومت کی جانب سے حملہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن

1ماہ پہلے

لاہو ر 27 نومبر 2024ء

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ان کے خلاف طاقت کا اندھا استعمال ناقابلِ قبول ہے، مظاہرین پر ریاست اور حکومت کی جانب سے حملہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔

ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چاپلوس حکومت اپنی بقا کے لیے ملک میں جمہوریت کی قبر کھود کر آمرانہ روش کو مضبوط کر رہی ہے، یہ درحقیقت ریاست کو کمزور کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ظلم کرنے والے بھول رہے ہیں کہ کل انھیں بھی اس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار کے مطابق پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی اور شہری کا حق ہے، حکومت کو کسی صورت یہ اختیار حاصل نہیں کہ مظاہرین پر چڑھ دوڑے۔ 

امیر جماعت نے مزید دہرایا کہ ان کی جانب سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابات میں حقیقی کامیابی حاصل کرنے والوں کو ہی اقتدار ملنا چاہیے، اگر ہارے ہوئے لوگوں کو مسلط کرنے کی روش جاری رہی تو ملک میں معاشی ترقی اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی خواب ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی مئیر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47 کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا اور عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ماراگیا۔

امیر جماعت نے کہاکہ موجودہ حکومت فارم 47 کی حکومت ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو مسلط کیا گیا، تینوں حکمران پارٹیاں عوامی پذیرائی نہیں رکھتیں، سندھ میں پیپلزپارٹی مکمل زوال کا شکار ہے، ایم کیو ایم نے کراچی سے ایک سیٹ تو کیا ایک پولنگ سٹیشن سے بھی کامیابی حاصل نہیں کی تھی، اسی طرح ن لیگ کا چراغ پنجاب سے بجھ چکا ہے، نواز شریف تک کو سترہزار جعلی ووٹوں سے کامیاب کرایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے بارہا کرپٹ پارٹیوں اور جاگیرداروں اور وڈیروں کو مسلط کیا اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دیرینہ مطالبہ پر کھڑی ہے اور چاہتی ہے کہ جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45 کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی تابعداری کی بجائے عوام کو بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے ہونے والے فائدہ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔