سپین، ناروے اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلہ کی تحسین کی ہے۔حافظ نعیم الرحمن
7مہا پہلے
لاہور30 مئی 2024ء
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے سپین، ناروے اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلہ کی تحسین کی ہے۔ انہوں نے تینوں یورپی ممالک کے وزرائے اعظم کو خط لکھ کر انہیں مبارکباد دی اور اس امر کا اظہار کیا ہے کہ ان کی حکومتوں کے اقدامات مسئلہ فلسطین کے پرامن حل، فلسطینی عوام کی آزادی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
امیر جماعت نے کہا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کافیصلہ ان ریاستوں کے عالمی قوانین کی پابندی، انسانی حقوق کی پاسداری اور انصاف و برابری کے مسلمہ اصولوں پر کاربند ہونے کے عملی اظہار کی نشان دہی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حق خود ارادیت اور آزادی کا حصول فلسطین کے عوام کا حق ہے، سپین، ناروے اور آئرلینڈ نے عالمی برادری کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ اہل فلسطین کے حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقدام خطے میں امن اور انصاف کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ پاکستانی عوام دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ اور امن و انصاف کے قیام کے لیے عالمی برادری سے مل کر کام کرنے کوہمہ وقت تیار ہے۔