News Detail Banner

آئی ایم ایف ملکی مسائل کا حل نہیں، حکمرانوں نے قوم کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا.سراج الحق

9مہا پہلے

لاہور19مارچ 2024ء

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کا کوئی والی وارث نہیں، حکمرانوں کو کہتا ہوں اسلام آباد کو فتح کرنا کوئی کارنامہ نہیں، آپ کی ذمہ داری لوگوں کو امن اور سکون فراہم کرنا ہے جس طرح آپ الیکشن جیتے ہیں، ساری دنیا جانتی ہے، دھونس دھاندلی سے حکومت بنا لی، اب ذمہ داری بھی پوری کریں۔ سندھ میں ڈاکو راج، پورے ملک میں بدامنی ہے، لوگوں کا جان ومال محفوظ نہیں، اندرون سندھ میں مغرب کے بعد کرفیو کا سا سماں ہوتا ہے، پولیس غائب، معاشرہ ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے، پورے ملک سے لوگوں کو اغوا کر کے اندرون سندھ، کندھ کوٹ، کشمور اور دیگر علاقوں میں لایا جاتا ہے، یہاں کے وڈیرے مڈل مین کا کردار ادا کر کے ڈاکوؤں اور اغوا شدہ لوگوں کی فیملیز سے رقم بٹورتے ہیں۔ چیلنج سے کہتا ہوں اغوا کرنے والوں کو سندھ کے جاگیرداروں، وڈیروں اور سیاسی قیادت کی پشت پناہی حاصل ہے، اغوا برائے تاوان کاروبار بن چکا ہے۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کے اندر ریاست ختم کی جائے، عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرم پور کے قریب گوٹھ امام الدین بجارانی میں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحفیظ بجارانی کی نمازجنازہ سے قبل میڈیا سے بات چیت اور شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ عبدالحفیظ بجارانی گذشتہ شب انڈس ہائی وے کندھکوٹ_شکارپور روڈ پر ایک ٹریفک حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔ نمازجنازہ میں مرکزی نائب امراء اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امراء ممتازحسین سہتو، نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ چنا، نائب قیمین حزب اللہ جکھرو، حافظ طاہر مجید، امیر ضلع جیکب آباد دیدارِ علی لاشاری مرحوم کے چھوٹے بھائی سابق امیر ضلع امداد اللہ بجارانی، سیاسی سماجی دینی رہنما، مقامی عمائدین، قریبی رشتہ داروں سمیت سندھ پنجاب اور بلوچستان احباب شریک تھے۔ امیر جماعت نے عبدالحفیظ بجارانی کی مغفرت کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ عبدالحفیظ بجارانی زمانہ طالبہ علمی سے تحریک اسلامی سے وابستہ تھے اور ان کا مقصد ملک میں اللہ کے دین کا نفاذ تھا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک عالمی اسلامی تحریک اور خاندان ہے، ہم اپنے کارکن کو تنہا نہیں چھوڑتے۔ ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف ملکی مسائل کا حل نہیں، حکمرانوں نے قوم کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا، آج صورت حال یہ ہے کہ غریب فاقوں پر مجبور ہیں، حکمران اپنے پروٹوکول اور مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی سے عوام کا سانس لینا تک دشوار ہو گیا ہے، کرپشن، بیڈ گورننس اور سودی معیشت ملک کے مسائل کی وجہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے یہ جعلی مینڈیٹ کی حامل حکومت ہے، انھوں نے عوام سے دھوکہ کیا، ہم فراڈ الیکشن پر خاموش رہیں گے، عوام کے حقوق کے لیے گلیوں کوچوں میں جدوجہد جاری رہے گی۔

امیر جماعت نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی عملی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین ان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پچھلے پانچ ماہ کے دوران اسرائیلی بمباری سے 32ہزار فلسطینی شہید ہوچکے، شہدا میں 11ہزار بچے شامل ہیں، 38ہزار لاپتہ اور 77ہزار زخمی ہیں۔ وزیراعظم غزہ کو بچانے کے لیے وہ اقدامات کریں جن کی اہل فلسطین پاکستان سے توقع کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جمعۃ الوداع کو اہل فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم القدس منائے گی۔